نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے عالمی بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے، مولانا محمد کریم

پیر 26 دسمبر 2016 23:50

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء)ممتاز عالم دین مولانا محمد کریم سلطانی نے کہا ہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور ان کے اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہی عالمی بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے، وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سالانہ محفل میلاد سے خطاب کر رہے تھے جس میں کراچی کے معروف نعت خواں اویس رضا قادری اور محمد شہزاد الیاس مدنی نے بھی حضور ؐ کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

مولانا کریم سلطانی نے کہا کہ حضورؐ کی تمام زندگی خدمت کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے اس طرح لوگوں کی خدمت کی کہ وہ صرف ان کے حسن سلوک کی وجہ سے اسلام کو قبول کرنے پر مجبور ہو گئے اور الحمد اللہ انحضورؐ کی محبت نے انہیں ایسا سچا اور پکا مسلمان بنایا کہ آج بھی دنیا میں ان کے کردار و عمل کی مثالیں دی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے با برکت ایام سیرت رسول پر عمل کرنے کا درس دیتے ہیں جبکہ شمع رسالت کے پروانوں کو رحمت العالمین کے ذکر سے ایمان کو جلا ملتی ہے اور سینے نورِ ہدایت سے منور ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدمیلا د النبی کا واضح پیغام آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان ایام میں بڑے پیمانے پر تقریبات منعقد کرکے حضور ؐ کی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بھی اس سلسلہ میں ہر سال باقاعدگی سے میلاد کی محفلیں منعقد کرنے پر چیمبر کی انتظامیہ کو سراہا۔

قائمقام صدر رانا سکندر اعظم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنی روایات کے مطابق ہر سال میلا د کی محفل سجاتا ہے جبکہ یہ سلسلہ آئندہ بھی اس جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے جاری رہے گا۔ انہوں نے اس میلاد میں لوگوں کی کیثرتعداد میں شرکت پر بھی اطمینا ن کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کاروباری برادری بھی دل و جاں سے نبی کریم ؐ سے محبت اور عقیدت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس روحانی محفل کا انتہائی شاندار طریقے سے انتظام کرنے پر میلاد کمیٹی کے چیئرمین محمد شفیق ، دیگر ممبران اور سیکرٹریٹ کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کیا جبکہ آخر میں انہوں نے مولانا کریم سلطانی کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔