موجودہ حکومت علمی شعبے کی ترقی اورذہین طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے،راناثناء اللہ

پیر 26 دسمبر 2016 23:50

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء)صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت علمی شعبے کی ترقی واستحکام اورذہین طلباء کی حوصلہ افزائی کے لئے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، اس سلسلے میں مستحق طالب علموں کو اعلیٰ تعلیمی وسائل کی فراہمی کے لئے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی طرف سے قائم کردہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا حجم 17، ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جو کہ ایک مثالی وتاریخی کارنامہ ہے۔

انہوں نے یہ بات عبداللہ کالونی سمندری روڈ پر گاڈبلیس اکیڈمی میں تقسیم انعامات کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سابق ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر عبدالرشید،چیئرمین سٹی کونسل چوہدری ساجد جٹ،وائس چیئرمین ارشد گجر،کونسلرز نعمان سرداراورمحمدآصف کے علاوہ رانا محمد خاں،چوہدری پرویز جٹ اور دیگر معززین بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرقانون نے پوزیشن ہولڈرز طالب علموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ترقی ممکن نہیں یہی وجہ ہے کہ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ علم کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 70کے تمام سکولوں کی حالت سنوارنے پر کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ کئے گئے ہیں جبکہ اس علاقہ میں دوگرلز کالجز کاقیام بہت بڑی عوامی سہولت ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی نسل کو زیادہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی ان کا اولین مشن ہے اور اب حلقہ میں کوئی سکول کلاس رومزودیگر بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں۔انہوں نے کہا کہ علم کے فروغ کے لئے نجی شعبے کے کردار کونظر انداز نہیں کیاجاسکتا جن کی بھرپور سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے اکیڈمی انتظامیہ سے کہا کہ وہ مستحق اورغریب بچوں کو مفت تعلیم دینے کے لئے بھی خصوصی کوٹہ مقررکریں اوراعلیٰ معیار تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔اس موقع پر اکیڈمی کی انتظامیہ نے تقریب میں شرکت کرنے پر صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں کاشکریہ ادا کیااور کہا کہ وہ تعلیمی مشن کو آگے بڑھانے میں حکومت کی بھرپور معاونت کریں گے۔