چوتھا پرو باکسنگ ایونٹ (آج )لاہور میں منعقد ہوگا

پیر 26 دسمبر 2016 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء)پاکستان باکسنگ کونسل کے زیر اہتمام چوتھا پرو باکسنگ ایونٹ آج (منگل ) کو گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز لاہور میں منعقد ہوگا۔ مقابلے میں پنجاب کے ذوالقرنین ان اور بلوچستان کے نصیب اللہ ان کے درمیان چیلنج مقابلہ ہوگا۔ اس مقابلے کو محمد غزنوی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستان باکسنگ کے لیے بہت زیادہ خدمات انجام دے رکھی ہیں۔

اس بات کا اعلان کرنل (ر) عارف ملک، ملک صدیق اور جاوید عاشق نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ کرنل (ر) عارف ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ کا کھیل دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ زوال کا شکار ہے اسے اوپر لانے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے جس کے لیے پاکستان باکسنگ کونسل نے پروفیشنل مقابلوں کا انعقاد شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں ہماری چوتھی فائٹ کل بروز منگل 27 دسمبر کو سول لائنز کالج لاہور میں منعقد ہوگی۔

جس کے لیے ہیوی ویٹ کلاس میں پنجاب کے ذوالقرنین خان اور بلوچستان کے نصیب اللہ خان نے ایک دوسرے کو چیلنج کر رکھا ہے۔ جبکہ اس کے علاوہ لائٹ فلائی ویٹ میں پنجاب کے مزمل عثمان کا مقابلہ بلوچستان کے بشیر احمد سے ہوگا۔ ہیوی ویٹ فائٹ 12 راونڈ پر مشتمل ہوگی جبکہ لائٹ ویٹ کا مقابلہ 6 راونڈز پر مشتمل ہوگا۔ تین رکنی جیوری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کرنل (ر) عارف، ملک صدیق اور ارشد قریشی پر مشتمل ہوگی۔

ٹائٹل فائٹ کے لیے انعامی رقم 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ اس موقع پر ٹائٹل فائٹ کے باکسرز ذوالقرنین خان اور نصیب اللہ خان نے اپنی اپنی جیت کا دعوی کیا۔ ذوالقرنین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس مقابلے کی بڑی تیاری کی ہے وہ اپنے حریف کو جلد سے جلد ناک آوٹ کرنے کی کوشش کرینگے۔ پروفیشنل باکسنگ کے فروغ سے باکسرز کی مالی حالت بھی بہتر ہوگی اور باکسنگ کو بھی فروغ ملے گا۔ نصیب اللہ کا کہنا تھا کہ وہ بلوچستان سے اس چیلنج فائٹ کے لیے لاہور آئے ہیں انشااللہ فائٹ کو جیت کر واپس اپنے صوبے میں جائیں گے۔ پروفیشنل باکسنگ سے ملک میں انٹرنیشنل باکسنگ کے انعقاد میں مدد ملے گی۔ حکومت کو بھی پروفیشنل باکسنگ کو سپورٹ کرنا چاہئے۔