عالم اسلام کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، حافظ عبدالغفار وپڑی

اسلامی ممالک کے سربراہان اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مضبوط اتحاد کو فروغ دیں، امیر جماعت اہل حدیث پاکستان

پیر 26 دسمبر 2016 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ عالم اسلام کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ تمام اسلامی ممالک کے سربراہان اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مضبوط اتحاد کو فروغ دیں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں جماعتی وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کی صورتحال کے پیش نظر ناگزیر ہے کہ تمام اسلامی ممالک کے سربراہان ایک پیج پر اکٹھے ہوں اور دین اسلام اور مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھ کر مضبوط لائحہ عمل طے کریں۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کو ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت آپس میں لڑا کر ان کو کمزور کیا جا رہا ہے اور بعد ازاں ظلم و زیادتی کا شکار بنا تے ہوئے ان ممالک کے عوام کو زیر عتاب لا کر ان کے وسائل پر بھی قبضہ کر لیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

کفار دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف زندگی کا گھیرا تنگ کیے ہوئے ہیں۔ شام، کشمیر، فلسطین، افغانستان اور برما جیسے خطوں میں ہونیوالی نسل کشی کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط حکمت عملی تیار کی جائے اور دین اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے OICسمیت دیگر اداروں کو صحیح معنوں میں فعال کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :