صوبائی حکومت اساتذہ کی تربیت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے،صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان

پیر 26 دسمبر 2016 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے روشن اور تابناک مستقبل کے لیے نئی نسل کی تربیت ٹھوس خطوط پر کریں اور ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرکے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم غریب عوام کے بچوں کو اس قابل بنائیں کہ وہ مراعات یافتہ طبقات کا مقابلہ کرسکیں ۔

صوبائی حکومت اساتذہ کی تربیت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور حال ہی میں برٹش کونسل کے ساتھ معاہدے کی نتیجے میں 83ہزار اساتذہ کو انگلش ،میتھس اور سائنس کے مضامین میں عالمی معیار کے مطابق تربیت دی جائے گی جس پر 56کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی ۔وہ عدنان شہید گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر ایک مردان میں ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم انیڈ ٹیچرزایجوکیشن ایبٹ آباد کے زیر اہتما م اساتذہ کے تربیتی پروگرام کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے ادارے کے ڈائریکٹر سید بشیر حسین شاہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ضلع مردان اور نوشہرہ میں 18مقامات پر اساتذہ کے لیے انگریزی اور میتھس کے مضامین میں اس تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے ،اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں اساتذہ کی تربیت پر توجہ نہیں دی گئی تاہم موجودہ حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن افسر زاہد خان ، ممتاز ماہر تعلیم حافظ زبیر احمد،ریجنل انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل مجاہد شاہ ،سکول کے پرنسپل فرمان خان اور احسان اللہ بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عاطف خان نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ریگولر بجٹ میں اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے خطیر رقم رکھی گئی جبکہ سرکاری سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی پرچار ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے تعلیم کے شعبے کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے محکمہ تعلیم کے بارے میں عوام میں منفی تاثر بن گیا جہاں سفارشی بھرتیوں اور بعد ازاں سیاسی مداخلت اور اساتذہ کی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے محکمہ کی رہی سہی ساکھ بھی بری طرح متاثر ہوئی ۔ تاہم موجودہ حکومت نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے میرٹ کو بھرتی کے لیے واحد معیار بنا دیا اور اساتذہ کی سوفیصد حاضری کو یقینی بنایا اور طلبہ اور اساتذہ دونوں کے فلاح وبہبود کے لیے ایسے منصوبے شروع کیے جن سے والدین کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہورہا ہے۔

اسی طرح سرکاری سکولوں میں 13 سو سے زیادہ آئی ٹی لیبز بنانے کے ساتھ گیارہ سو سکولوں میں انٹرایکٹیوبورڈ کی تنصیب بھی ہماری حکومت کا کارنامہ ہے جس سے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچے آئی ٹی کے میدان میں اعلیٰ نجی تعلیمی اداروں کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔قبل ازیں محمد عاطف خان نے سکول میں قائم آئی ٹی لیب کا باضابطہ افتتاح بھی کیا

متعلقہ عنوان :