خیبرپختونخو ا حکومت چین کے ساتھ توانائی مواصلات اور انفر اسٹرکچر کے منصوبوں پر معاہدے کریگی ،پرویزخٹک

پیر 26 دسمبر 2016 21:10

نوشہرہ۔26دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا نصب العین ہے۔ چین کے پہلے دورے پر جارہا ہوں جہاں پر جے سی سی کی میٹنگ میں سی پیک میں شامل اب تک کے منصوبوں اور نئے منصوبو ں کی منظوری کاجائزہ لیا جائے گا۔ خیبرپختونخو ا کی حکومت چین کے ساتھ توانائی مواصلات اور انفر اسٹرکچر کے شعبوں میں تین نئے منصوبوں پر معاہدے کرے گی تاکہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی ممکن ہو ان منصوبوں میں بارہ سو میگا واٹ پن بجلی کا معاہدہ، پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی فاسٹ ریلوے ٹر یک اور گلگت ، چترال ، دیر اور چکدرہ روٹ شامل ہیں۔

وہ نوشہرہ کے علاقے کوتر پان میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب اورذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انجمن تاجران اور مسلم لیگ ن شرین کوٹھے کے صدرنور النبی خان عرف شکر خان اور اے این پی کے حضرت خان نے اپنے چالیس ساتھیوں اور خاندانوں سمیت مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ چینی ماہرین نے فاسٹ ریلوے ٹریک جو دو میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلے گی،کی فزیبلٹی رپورٹ بنا لی ہے ۔

اسی طرح گلگت ، چترال دیر اور چکدرہ روٹ کی تعمیر سے نہ صرف شمالی علاقوں کی ترقی ہوگی بلکہ چین کووسطی ایشیاء اورافغانستان سے ملانے کے لیے ایک نیا روٹ مل جائے گا۔ جو خطے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ سی پیک کے تحت ہم نے تین انڈسٹریل پارک کی ڈیمانڈ کی ہے لیکن ہر صوبے میں ابھی صرف ایک انڈسٹریل پارک بنے گا۔جس کے لیے ہم نے کرنل شیر انٹر چینج کے قریب دس ہزار کنال اراضی مختص کردی ہے جس پر بہت جلد کام شروع ہوگا۔

اوریہاں پر صنعتی بستیاں قائم ہوں گی۔ ایک انڈسٹریل پارک حطاراور ایک ڈیر اسماعیل خان میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پر پوری دنیا کی نظر ہے اوریہ ایک بہت بڑی تجارتی سرگرمیوں کامرکز بننے جارہا ہے۔ پوری دنیا سے سرمایہ کار خیبرپختونخوا کا رخ کررہے ہیں۔ چھ سو میگاواٹ بجلی کے منصوبے کا ٹینڈر ہوچکا ہے پانچ سو میگاواٹ کے منصوبے ہم نے خود شروع کیے ہے جبکہ کچھ ایشین ترقیاتی بینک کے تعاون سے کر رہے ہیں ۔

میری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں 2018تک دو ہزار میگا واٹ کے منصوبے مکمل کرسکیں۔ اس سے ملک اور خیبرپختونخوا کے شاندار مستقبل کی شروعات ہورہی ہیں۔جب افغانستان میں حالات بہتر ہوں گے تو اس سے کافی چیزیں صحیح ہوجائیں گی خیبرپختونخوا میں تجارت کے دروازے نہ صرف افغانستان ، چین اور وسطی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے لیے کھول رہے ہیں کیونکہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل گیس، پیٹرولیم، سمیت دیگر وسائل سے مالا ما ل ہے۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انصاف کا بول بالا کرنے اور غریب عوام کی محرومیاں دور کرنے کے لیے دن رات کوششیں کررہی ہے۔ خیبرپختونخوا نے پہلا بااختیار بلدیاتی پروگرام عوام کو دیا اور تمام اختیارات عوام کی دہلیز پر منتقل کردئیے ہیں اورایسا نظام وضع کررہے ہیںجس میں سفارش رشوت کلچر کاخاتمہ ہو اور عوام کے مسائل خود بخود حل ہوں۔

متعلقہ عنوان :