تحصیل جہانگیرہ میں اربوں روپے کی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،لیاقت خان

پیر 26 دسمبر 2016 21:10

نوشہرہ۔26دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء)ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک اور ایم پی اے ادریس خان خٹک نے کہا ہے کہ تحصیل جہانگیرہ میں اربوں روپے کی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور جہانگیرہ کے تمام علاقوں میں بنجر زمینوں کو سیراب کرنے کیلئے مختلف ڈیموں پر تیزی سے کام جاری ہے جن پر اربوں روپے خرچ ہورہے ہیں جبکہ تحصیل جہانگیرہ کے تمام ویلج کونسلوں میں ٹیوب ویلز میں سولر نظام لگایاجارہا ہے تاکہ تمام زرعی زمینوں کو بروقت پانی مہیا ہوسکے تحصیل جہانگیرہ پی کے 15 میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک کے حلقے سے زیادہ فنڈ خرچ ہورہے ہیں تعلیم، صحت، پینے کی صاف پانی کی فراہمی اور پانی کوذخیرہ کرنے کیلئے مختلف میگا پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے اکوڑہ خٹک میں نیو فروٹ اینڈ سبزی منڈی کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے ضلع نوشہرہ میں تاریخی ترقیاتی منصوبے مکمل کئے اور ضلع نوشہرہ کی پسماندگی دور کرنے کیلئے پرویز خان خٹک نے اربوں روپے کافنڈ فراہم کیا ہے اور تحصیل جہانگیرہ میں کروڑوں روپے کے فنڈ سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے صفائی سٹریٹ لائٹس پینے کی صاف پانی کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے موجودہ صوبائی حکومت نے عوام کی جو خدمت کی ہے آئندہ انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع نوشہرہ خصوصاً تحصیل جہانگیرہ میں زرعی زمینوں میں خود کفیل ہے فروٹ اور سبزی منڈی سے لاکھوں روپے کا فروٹ اور سبزیاں دیگراضلاع کو فروخت کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ تحصیل جہانگیرہ کے تمام زمینداروں کو زمین کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائے گی۔