حکومت نے قائداعظمؒ کے رہنمااصولوں کے مطابق ملک کوترقی یافتہ اور امن کا گہوارہ بنانے کا عزم کررکھا ہے،گورنربلوچستان

درپیش مشکلات کے باوجود پاکستان ایک پرامید اور منظم ملک ہے، عوام قومی تضادات سے بالاتر ہوکر اپنی صلاحیتوں کو تعلیم وترقی کے میدان میں استعمال کرکے اقوام عالم میں پاکستان کا نام روشن کریں، محمد خان اچکزئی کاتقریب سے خطاب

پیر 26 دسمبر 2016 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ علم ودانش کی روشنی بکھیرنا، تاریکی کو رد کرکے روشنی کی بات کرنا اور شدت پسندی کو چھوڑ کر میانہ روی اور ترقی پسندانہ سوچ کا پرچار کرنا قابل تحسین عمل ہے۔ یہ اس خواب کی تعبیر ہے کہ جو ہمارے آباؤ اجداد نے دیکھا اور اس کی تعبیر ہمارے سپرد کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک وصوبے میں امن اور استحکام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی انتھک کاوشوں اور قربانیوں کے باعث ممکن ہوا ہے اور اسی بنیاد پر ہم ایک روشن مستقبل کی امید قائم کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سول وفوجی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں صوبے بھر سے تعلیم، صحت، اسپورٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، امن، قومی یکجہتی، خدمت خلق اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ دینے کی تقریب بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کوئٹہ کے عارفہ کریم ایکسپو سینٹر میں اتوار کی شام منعقد کی گئی۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے رہنمااصولوں کے مطابق ترقی یافتہ اور امن کا گہوارہ بنانے کا عزم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ملک کو درپیش مشکلات کے باوجود پاکستان ایک پرامید اور منظم ملک ہے جہاں عدلیہ ہے، پارلیمنٹ خودمختار ہے، میڈیا ہرپہلو پر نظر رکھے ہوئے ہے اور سول سوسائٹی متحرک ہے۔

ہم ایک پرعزم ملک ہیں اور درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعمیروترقی اور سیکیورٹی کے حالات بہتر کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس میں ہماری کامیابی اور سرخروئی عوام کے بھرپور تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان اہل علم ودانش کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے نہایت کٹھن حالات کے باوجود فہم وفراست سے پہلو تہی نہیں کی بلکہ جوش وولولے سے سرشار ہوکر اپنی صلاحیتوں کا مثبت استعمال کرتے ہوئے صوبے اور ملک کے لئے نام کمایا ہے اور وہی کاوشیں نوجوان نسل کے لئے سنگ میل ہیں۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ رنگ ونسل، فرقہ وارانہ او ر قومی تضادات سے بالاتر ہوکر اپنی صلاحیتوں کو تعلیم وترقی کے میدان میں استعمال کرکے اقوام عالم میں پاکستان کا نام روشن کریں کیونکہ تعمیر وترقی کا سفر ہماری بقاء کا ضامن ہے۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ کے حصول پر مبارکباد دی اور پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور ترقی وخوشحالی کے لئے دعا کی۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نے کہا کہ بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ صوبے کی تخلیق وخدمت کے جذبے سے سرشار اشخاص کی حوصلہ افزائی کلیدی اہمیت کا حامل اقدام ہے اور صوبائی حکومت کی یہ کاوش قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اب امن وترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے اور صوبے میں مزید معاشی خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر اکابرین کی انتھک کاوشوں اور قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے اور اب اس کی حفاظت ہم نے ہر صورت میں کرنی ہے۔ آج ہمیں بہ یک وقت مختلف چیلنجوں کا سامنے ہے اور دہشت گردی سمیت تمام مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے لئے نیک خواہشات وتمناؤں کا اظہار کیا۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔ تقریب میں ملک بھر سے آئے ہوئے گلوکاروں اور آرٹسٹوں نے اپنے اپنے فن کا مظاہر کیا اور ملکی نغمے بھی پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :