اضافہ شدہ آئٹم

5 ہزار روپے کے نوٹ کو ختم کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، وزارت خزانہ کی وضاحت

پیر 26 دسمبر 2016 20:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) وزارت خزانہ نے وضاحت کی ہے کہ حکومت پانچ ہزار روپے کا نوٹ ختم نہیں کر رہی۔ ترجمان وزارت خزانہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم نہیں کیا جا رہا، 5 ہزار روپے کے نوٹ کو ختم کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران کل کرنسی کا 17 فیصد 5 ہزار روپے کے نوٹوں پر مشتمل تھا، 5 ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے سے کاروباری طبقہ کیلئے مسائل ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ 5 ہزار روپے کا کرنسی نوٹ دنیا کے مختلف ممالک کی بڑی کرنسیوں جیسے 100 امریکی ڈالر، 200 یورو اور 50 سٹرلنگ پائونڈ سے نمایاں طور پر کم ہے۔ حکومت سٹیٹ بینک کے تعاون سے ایک قومی فنانشل سٹرٹیجی پر عمل پیرا ہے، ڈیجیٹل ٹرانزیکشن اور برانچ لیس بینکنگ کو لوگوں کی دہلیز پر لایا جا رہا ہے جس سے کرنسی پر انحصار میں نمایاں طور پر کمی ہو گی اور اس طرح کسی بھی مالیت کی کرنسی کو منسوخ کرنے کی بجائے معیشت کو دستاویزی طور فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ حکومت نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ عوام افواہوں پر کان نہیں دھریں گے اور منتخب حکومت پر اپنے یقین اور اعتماد کا اظہار کریں گے۔