سپورٹس ڈیسک*

بائولنگ ایکشن پر اعتراض ،برائن ویٹوری ایک سال کیلئے باؤلنگ سے معطل

پیر 26 دسمبر 2016 20:50

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے زمبابوے کے فاسٹ باؤلر برائن ویٹوری کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ایک سال کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ سے معطل کردیا ہے۔برائن ویٹوری کے باؤلنگ ایکشن کو گزشتہ ماہ سہ فریقی ایک روزہ سیریز کے دوران بلاوایو میں 27 نومبر کو سری لنکا کیخلاف میچ میں مشکوک رپورٹ کیا گیا تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق میچ انتظامیہ کی رپورٹ کے بعد ویٹوری کو قواعد کے مطابق آزادانہ تحقیقات کی غرض سے پریٹوریا بھیج دیا گیا جہاں یہ بات سامنے آئی کہ ویٹوری کی بعض گیندیں 15 ڈگری کے زاویے سے تجاوز کررہی ہیں۔واضح رہے کہ برائن ویٹوری کوجنوری 2016 میں بھی باؤلنگ سے معطل کیا گیا تھا تاہم ایکشن کی درستی کے بعد جون 2016 میں دوبارہ باؤلنگ کی اجازت دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق دوسال کے اندر جب کسی باؤلر کا ایکشن دوسری مرتبہ مشکوک قرار دیاجائے تو وہ خود بخود ایک سال کے لیے معطل ہوجاتا ہے۔ویٹوری اپنی معطلی کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں تاہم دوسری طرف ایک سال کی پابندی کے بعد انھیں اپنے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے آئی سی سی سے رجوع کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کے سعیداجمل، محمد حفیظ اور ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن جیسے مشہور باؤلربھی مشکوک باؤلنگ ایکشن کی زد میں رہے ہیں۔سعید اجمل باؤلنگ ایکشن کی درستی کے بعد پہلے کی طرح موثر ثابت نہیں ہوئے جبکہ سنیل نرائن واپسی کے بعد بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔۔