بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پولیس کلیئرنس اور ترک شہریت کی درخواستوں پر کارروائی کا خود کارنظام نصب کیا،وفاقی محتسب

پیر 26 دسمبر 2016 20:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) وفاقی محتسب نے متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پولیس کلیئرنس اور شہریت کے استرداد کی درخواستوں پر کارروائی کا خود کارنظام (آٹو میٹڈ سسٹم) نصب کریں۔وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی محتسب آف پاکستان نے وزارت داخلہ ، وزارت خارجہ امور ، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی پولیس کلیئرنس کے سرٹیفکیٹس اور ان کی ترک شہریت کی درخواستوں پر جلد از جلد کارروائی کے لیے آٹو میٹڈ سسٹم قائم کریں۔

وفاقی محتسب میں سینئر ایڈوائیزر لاء اوربیرون ملک پاکستانیوں کی دادرسی کے کمشنر حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ یہ ہدایت وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کی شکایت کی روشنی میں کی گئی ہے کیونکہ ان درخواستوں میں شکایت کی گئی تھی کہ اُن کے کیسز کئی کئی ماہ سے زیر التواء ہیں۔

(جاری ہے)

اس لیے ان پر جلد از جلد کارروائی کروائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس اور ترک شہریت کے آٹومیٹڈ نظام سے نہ صرف پاکستانیوں کے کیسز 30دنوں میں حل ہوجائیں گے بلکہ اس سے مختلف حکومتی محکموں میں رابطہ کاری بھی بہتر ہوجائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے متعلقہ اداروں سے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور شہریت کے استرداد کے زیر التواء کیسوں کی تفصیلات طلب کی ہیں اس کے علاوہ متعلقہ اداروں کو زیر التواء کیس نمٹانے کی حکمت عملی بھجوانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اوورسیز پاکستانیز کے گریوینس کمشنر نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی درخواستیں دھارے میں لانے کی حکمت عملی بھی محتسب کو بھیجیں جس سے بیرونی ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو فائدہ پہنچے گا۔اس معاملے کی سماعت وفاقی محتسب سیکریٹریٹ میں 28دسمبر کوہو گی۔

متعلقہ عنوان :