آئی کیپ کے تحت طلباء کی صلاحیت جانچنے کیلئے نیشنل فنانس اولمپیاڈ کا انعقاد

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان(آئی کیپ) کے تحت زیر تربیت طلباء کی مہارت ،صلاحیت اور فیصلہ سازی کی جانچ کیلئے آئی کیپ کراچی،لاہور اور اسلام آباد میں فنانس اولمپیاڈ کے پہلے مرحلے کا انعقاد کیا گیا ،اس مقابلے کا بنیادی مقصد چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس طلباء کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ،پوشیدہ صلاحیتوں کے اظہار اور طلباء کی فیصلہ سازی کی قوت کو فروغ دینا تھا ،تینوں اسٹیشنز سے پہلی دو پوزیشنز حاصل کرنیو الی ٹیمیں 30دسمبر کو منعقد ہونیوالے گرینڈ فنالے میں شریک ہونگی جبکہ آل پاکستان گرینڈ فنالے کی فاتح ٹیم’’سی اے پاکستان‘‘22جنوری کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منعقد ہونیوالے SAFA اسٹوڈنٹس الوکیوشن اینڈ کوئز کانٹسٹ میں حصہ لے گی،آئی کیپ لاہور اسٹیشن پر منعقدہ پروگرام میں مہمان خصوصی آئی کیپ نارتھ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر رضی خان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ سے طلباء کی معلومات میں مزید اضافہ اور نوجوانوں میں علوم کے حصول سے متعلق دلچسپی کو فروغ ملے گا ،انہوں نے کہا کہ اس مقابلے سے نوجوانوں کو امتحانات میں اپنی کارکردگی میں اضافے کیلئے مدد ملے گی جبکہ کمیونیکشنز اسکلز میں اضافے سے انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں بھی آسانی ہوگی،رضی خان کا کہنا تھا کہ اس مقابلے سے پاکستانی نوجوانوں کو SAFAمقابلے میں شرکت کا موقع ملے گا جہاں انہیں سفری تجربے کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر طلباء سے ملاقات اور خیالات کے تبادے کے مواقع بھی میسر ہونگے،اس موقع پر جیوری اراکین میں کونسل ممبر آئی کیپ فرخ رحمان،شریف تابانی،چیئرمین ناردن ریجنل کمیٹی اسد فیروز،بلال ضیاء،جہانزیب امین ،ارشد شہزاد جبکہ مہمانان خصوصی آئی کیپ نارتھ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر رضی خان،چیئرمین ای اینڈ ٹی کمیٹی نجم الحسن اور کونسل رکن راشد ابراہیم بھی موجود تھے جنہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی اور ان میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں،فنانس اولمپیاڈ میں 60سے زائد طلباء نے شرکت کی جس کا آغاز ایک گھنٹے کے کوالیفائنگ راؤنڈ سے ہوا جس میں ہر اسٹیشن سے آٹھ طلباء کا انتخاب کیا گیا ،بزل راؤنڈ میں تمام ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی جبکہ آخری راؤنڈ میں تمام شرکاء کی جانب سے پریزینٹیشن دی گئی اور پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے ،اس راؤنڈ میں شرکا ء کی ٹیکنیکل معلومات اور دیگر علوم سے متعلق جانچ کی گئی۔