محکمہ مواصلات و تعمیرات میں انجینئرز کی فلاح و بہبود کیلئے ایسوسی ایشن کا قیام

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

پشاور۔26دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) محکمہ مواصلات و تعمیرات میں انجینئرز کی فلاح و بہبود کیلئے ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آیا ہے جبکہ ایک سال کیلئے عبوری کابینہ بھی تشکیل دیدی گئی ہے جس میں اتفاق رائے سے صدر انجینئر شاکر حبیب (ڈائریکٹر پلاننگ و مانیٹرنگ) اور جنرل سیکرٹری انجینئر زرق فاروق (ایکسئین نوشہرہ) کا انتخاب عمل میں لایا گیا جبکہ دوسرے عہدیداروں میں سینئر نائب صدر انجینئر رفیع الدین (ایس ای بٹگرام سرکل)،نائب صدر اول عمران حسین (ایکسئین پشاور)، نائب صدر دوئم نور صاحب خان (ایکسئین فاٹا)، فنانس سیکرٹری محمد نواز (ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل)، پریس سیکرٹری(اسسٹنٹ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی) اور کوآرڈی نیٹر انجینئر آفاق خالد شامل ہیں اس مقصد کیلئے انتخابی کمیٹی کا اجلاس گیریژن کلب پشاور میں چیف انجینئر فاٹا شہاب خٹک کی زیر صدارت ہوا جبکہ انجینئرمحمد عزیر(مینجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی)، محمد ایوب (چیف انجینئر سنٹرپشاور)، عبدالغفور خان ( ڈائریکٹر پراونشل بلڈنگ اتھارٹی) اور قدرت اللہ (ایکسئین مردان) انتخابی کمیٹی کے ارکان میں شامل تھے نومنتخب صدر انجینئر شاکر حبیب نے بعد ازاں صوبے بھر سے آئے انجینئرز کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئرز دور افتادہ دشوار گزار علاقوں، ناموزوں موسم اور انتہائی مشکل حالات میں دن رات فرائض انجام دینے کے باوجود خراب حالات کار اور گوناگوں مالی مسائل سے دوچار رہتے ہیں جو فوری حکومتی توجہ کے متقاضی ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ انجینئرز کی فلاح و بہبود کیلئے شبانہ روز کوششوں کے علاوہ انہیں ٹائم بیسڈ سروس سٹرکچر، ٹیکنیکل و تعمیرو ترقی سے وابستہ محکموں میںانجینئرز کی انتظامی سیکرٹری کے عہدوں تک ترقی اور پروفیشنل الائونس کے تین نکاتی ایجنڈے کے حصول تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔