معروف کرکٹرز جنید خان اور محمد عرفان کا عمیر ثناء فائونڈیشن کا دورہ

تھیلے سیمیا کے خاتمے کیلئے فائونڈیشن کی کوششیں قابل قدر ہیں،نوجوان شادی سے قبل تھیلے سیمیا کا ٹیسٹ ضرور کرائیں،جنید خان،محمد عرفان

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) معروف کرکٹرز جنید خان اور محمد عرفان نے عمیر ثناء فائونڈیشن کا دورہ کیا ،تھیلے سیمیا کے بچوں ان کے والدین سے ملاقاتیں کیں اور تھیلے سیمیا کے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا اور تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے ڈے کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا ،زیرِ علاج بچوں سے ملاقاتیں کیں،ان کے ساتھ مل کر کیک کاٹا،سیلفی لی اورانھیں تحائف دیے۔

اس موقع پر عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر کاشف حسین انصاری ،ڈاکٹر امبرین ،جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری، جوائنٹ سیکریٹری عبید ہاشمی،یحییٰ حسینی اور دیگر بھی موجود تھے۔قبل ازیں تھیلے سیمیا کے بچوں نے انھیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنید خان اور محمد عرفان نے کہا کہ تھیلے سیمیا میں مبتلا بچوں کو دیکھ کر دکھ ہوتا ہے وہ لوگ مبارک باد کے مستحق ہیں جو ان بچوں کا نہ صرف علاج کر رہے ہیں بلکہ پاکستان سے اس مرض کے خاتمے کے لیے کوششیں بھی کر رہے ہیں، ملک میں تھیلے سیمیا کا مرض جس شدت سے پھیل رہا ہے اس سے ہم سب واقف ہیں،نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ شادی سے پہلے اپنا تھیلے سیمیا کا ٹیسٹ ضرور کرائیں تاکہ اس مرض کو پاکستان میں مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگر تھیلے سیمیا کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے تو اس کی واحد وجہ اس مرض سے متعلق آگاہی کا نہ ہونا ہے،اگر ہم سب مل کر اس مرض سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار اداکریں تو بہت جلد اس مرض کو پاکستان سے ختم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اپنے شائقین سے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کے عطیے کی بھی اپیل کی۔جنید خان اور محمد عرفان نے ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا اوراپنے ہر ممکن تعاؤن کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر کاشف حسین انصاری نے عمیر ثنائفاؤنڈیشن آمد پرقومی کرکٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنید خان اور محمد عرفان نے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ کرکے اور تھیلے سیمیا کے بچوں سے ملاقات کر کے اس مرض سے خاتمے کے لیے اپنی جس دل چسپی کا اظہار کیا ہے اس پر عمیر ثناء فاؤنڈیشن اور تھیلے سیمیا کے بچے اور ان کے والدین ان کے شکرگزار ہیں۔ہم نے ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کی جس مہم کا آغاز کیا ہے اسے جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کو تھیلے سیمیا سے محفوظ بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :