سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی (آج) ملک بھر میںانتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

برسی کی تقریبات کا آغاز صبح گڑھی خدا بخش بھٹو میں محترمہ کی مزار پر قرآن خوانی سے کیا جائے گا آصف علی زرداری،بلاول بھٹو زرداری، بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے ایم این ایز، ایم پی ایز، سندھ کابینہ کے ممبران اور کارکنان شرکت کریں گے

پیر 26 دسمبر 2016 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی (آج) منگل کو ملک بھر میںانتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ مرکزی تقریب گڑھی خدابخش بھٹو میں منعقد ہوگی جس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے ایم این ایز، ایم پی ایز، سندھ کابینہ کے ممبران اور کارکنان شرکت کریں گے۔

برسی کی تقریبات کا آغاز صبح گڑھی خدا بخش بھٹو میں محترمہ کی مزار پر قرآن خوانی سے کیا جائے گا جس کے بعد اجتماعی دعا کے ساتھ لنگر تقسیم ہوگا۔ 12 بجے جلسہ عام شروع ہوگا جس میں ملک بھر سے آنے والے شاعر اپنی شاعری اور مقالوں کے ذریعے محترمہ کی خدمات کو خراج تحسین اور نذرانہ عقیقدت پیش کریں گے جبکہ مرکزی قائدین چار بجے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

جلسے کے حوالے سے گڑھی خدابخش بھٹو میں ابڑے پیمانے پرانتظامات کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں اور قائدین کے تصاویر سے سجایا گیا ہے جبکہ اسٹیج پر بھی پارٹی رہنماؤں کے تصاویر اور جھنڈے لگا دیئے ہیں۔ ملک بھر سے آنے والے کارکنان کے سہولت کے لئے کیمپس قائم کئے گئے ہیں جبکہ میڈیکل اور پانی کی سبیلوں کے کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔

انتظامیہ کے جانب سے بھی سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں ساڑھے 6 ہزار پولیس افسران و اہلکار اور 300 رینجرز اہلکار تعینات کئے ہیں جبکہ ٹریفک انتظامات کے لئے 700 ٹریفک اہلکار بھی فرائض سرانجام دیں گے۔ برسی کے موقع پر جلسہ گاہ، پارکنگ اور دیگر علاقوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ جلسہ عام کے بعد شام کے وقت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کا اجلاس نوڈیرو میں منعقد ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

دوسری جانب شہید بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے لاڑکانہ شہر سمیت ضلع بھر میں 40 سے زائد استقبالیہ کیمپ قائم کرکے تمام علاقوں کو پارٹی کے جھنڈوں اور بینرز سے سجایا گیا ہے۔کراچی سے پیپلز پارٹی کے تمام اہم رہنما اور سندھ کابینہ کے بیشتر ارکان پہلے ہی لاڑکانہ پہنچ چکے ہیں تاکہ برسی کے مرکزی اجتماع میں شرکت کرسکیں۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور پی پی شعبہ خواتین کی صدر محترمہ فریال تالپور گزشتہ کئی روز سے برسی کے انتظامات کے سلسلے میں وہاں موجود ہیں۔ جبکہ جیالے مسلسل قافلوں کی صورت میں گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں تاکہ اپنی شہید لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرسکیں۔ اس بار محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کی اس حوالے سے بہت زیادہ اہمیت ہے کہ اس موقع پر منعقدہ اجتماع سے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی شریک ہوں گے اور ان کی جانب سے برسی کے اجتماع میں بعض اہم سیاسی اعلانات کی بھی توقع کی جارہی ہے۔

آصف علی زرداری نے جمعہ کو اپنی وطن واپسی کے بعد کراچی ائیرپورٹ پر یہ اعلان کیا تھا کہ بی بی شہید کی برسی کے موقع پر وہ اہم خطاب کریں گے جس میں کچھ خوشخبریاں بھی سنائیں گے۔