پی ٹی سی ایل کے فائبر آپٹک سسٹم میں خرابی سے ملک کے مختلف شہروں میں ٹیلی فون ،انٹرنیٹ سروس متاثر ،صارفین کو مشکلات کا سامنا

پیر 26 دسمبر 2016 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) پی ٹی سی ایل کے فائبر آپٹک سسٹم میں خرابی سے ملک کے مختلف شہروں میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی جس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی سی ایل کے فائبر آپٹک سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس سے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سسٹم میں خرابی سے کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان، بدین، سکھر، حب، سوراب،پشاور اور دیگر شہروں میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی ہے جبکہ بعض موبائل فون کمپنیوں کی بھی سروس جزوی متاثر ہوئی ہے۔ پی ٹی سی ایل سسٹم میں خرابی سے پشاورمیں ڈی ایس ایل نہ ملنے سے انٹرنیٹ کا لنک ڈاؤن ہوگیا جس سے واٹس ایپ سروس بھی بند ہوگئی۔

(جاری ہے)

ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق فائبر آپٹک سسٹم میں خرابی بلوچستان اور کراچی کے مقامات پر پیدا ہوئی ہے جہاں بلوچستان میں حب، خضدار اور سوراب میں خرابی سامنے آئی ہے جبکہ کراچی میں گلشن حدید اور نوری آباد میں فائبر آپٹک میں فنی خرابی ہوئی جس کے باعث ٹیلی فون اورانٹرنیٹ سروس متاثر ہے۔ ٹیلی کام حکام کا کہنا ہے کہ سروسز میں تعطل شام کے اوقات میں آیا جسے جاننے کیلئے تکنیکی ماہرین کی ٹیم کام کررہی ہے اور جلد تعطل دور کرکے سروس کو بہتر کردیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :