او گرا میں سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کارپوریٹ افیئرز کی خالی ا سامی پر تقرری ، میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئیں، من پسند شخصیت کو بھرتی کئے جانے کا انکشاف، متاثرہ امیدواروں کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

پیر 26 دسمبر 2016 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( او گرا ) میں سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کارپوریٹ افیئرز کی خالی آسامی کے لئے امیدوار کے انتخاب میں میرٹ کی دھجیاں اڑائے جانے اور من پسند شخصیت کو بھرتی کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق اوگرا میں سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کارپوریٹ افیئرز کی خالی آسامی کے لئے امیدوار کے انتخاب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے تاہم ا میدوار کی حتمی تقرری میں میرٹ پر عمل نہیں کیا گیا اور من پسند شخصیت کو نوازنے پر سمجھوتہ کیاگیا ۔

ذرائع کے مطابق 20سالہ تجربے کے حامل ، اعلیٰ غیر ملکی تعلیم یافتہ اور ریگولیٹری کا تجربہ رکھنے والے مزید چار امیدواروں کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جن کے 15دسمبر کو انٹرویوز بھی لئے گئے تھے تاہم حکام کی طرف سے عمران غزنوی نامی شخص کو پہلے سے ہی عہدے کیلئے فائنل کر لیا گیا تھا اور امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے اور انٹرویوز کا عمل محض ڈھونگ رچانے کیلئے کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کچھ امیدواروں نے حکام کے اس فیصلہ کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اوگرا میں چیئرمین اور اتھارٹی کے ممبرز کے بعد اس اہم عہدہ پر بھرتی کے عمل میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں ۔ (ار)