وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری کی اسلام آباد کے سکولوں کیلئے سکول ڈویلپمنٹ پلان بنانے کی ہدایت

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور ایریا ایجوکیشن آفیسرز وزارت کیڈ کے افسران کے ساتھ سکول ڈویلپمنٹ پلان بنائیں گے ،اس میں مانیٹرنگ ٹیموں اور اکیڈمک ٹیموں کا تعاون بھی شامل رہے گا

پیر 26 دسمبر 2016 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈ اکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد کے سکولوں کیلئے سکول ڈویلپمنٹ پلان بنانے کی ہدایت کردی، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور ایریا ایجوکیشن آفیسرز وزارت کیڈ کے افسران کے ساتھ سکول ڈویلپمنٹ پلان بنائیں گے جس میں مانیٹرنگ ٹیموں اور اکیڈیمک ٹیموں کا تعاون بھی شامل رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر مملکت برائے کیڈ کی زیر صدارت ایریا ایجوکیشن افسران کا اجلاس ہوا جس میں انھیں وزیر اعظم کے تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت لئے گئے اقدامات کی تفصیلات فراہم کی گئیں ۔وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ ایریا ایجوکیشن افسران اپنے ماتحت سکولوں اور کالجوں کے متواتر دورے کریں اورتعلیمی اصلاحات کیلئے ہر سکول و کالج کیلئے اس کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے انفرادی منصوبہ بندی کریں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایف ڈی ای کی سکول مانیٹرنگ ٹیمیں بھی ایریا ایجوکیشن افسران کے ماتحت کام کریں گی اور ان کی مہیا کی گئی معلومات پر ایریا ایجوکیشن افسران اپنی سفارشات مرتب کریں گے۔ مانیٹرنگ ٹیمیں گزشتہ اگست سے سکولوں کے دورے کر رہی ہیں اور حاصل کی گئی معلومات ٹیبلٹ اور انٹر نیٹ کے ذریعے فوری حکام کو مہیا کرتی ہیں۔مانیٹرنگ ٹیمیں سکولوں اور کالجوں میں اساتذہ اور طلباء کی حاضری، صفائی ستھرائی کی صورتحال ، پانی کی دستیابی، تعلیمی سہولتوں کی موجودگی اور سیکورٹی نظام سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہیں۔

اجلا س میں تعلیم پر وزارت کیڈ کے مشیر علی رضا نے بریفنگ دی۔انھوں نے کہا کہ ایریا ایجوکیشن افسران اور مختلف ماہرین سے ملکر شہر میں تعلیم کی بہتری کیلئے طویل مدتی، وسط مدتی اور مختصر مدتی منصوبے بنا رہے ہیںجس سے اسلام آباد کا ابتدائی تعلیم کا نظام مکمل طور پر اوورہال کر دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے اساتذہ کی مستقل بنیاد پر ٹریننگ کی ضرورت ہے جس کیلئے تربیتی کیلنڈر اورنصاب ترتیب دیا جا رہا ہے ، تربیتی مشقوں سے اساتذہ کا طریق تعلم بہتر ہو گا اور معیار تعلیم پر مثبت اثر پڑے گا۔(ار)