Live Updates

سپریم کورٹ کےفیصلہ کیخلاف عمران خان کےسڑکوں پرآنے کاعلم نہیں،چودھری شجاعت

ہمیں سپریم کورٹ پراعتماد ہے،پانامہ لیکس میں فیصلہ انصاف اورملکی مفادکےمطابق ہوگا،فیصلہ سب کوقابل قبول ہوناچاہئے،جنید جمشید میں بہت خوبیاں تھیں،صدرمسلم لیگ(ق)،مرحوم اکثرچودھری صاحب کا ذکراچھے الفاظ میں کرتے تھے،ہمایوں جمشید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 دسمبر 2016 20:13

سپریم کورٹ کےفیصلہ کیخلاف عمران خان کےسڑکوں پرآنے کاعلم نہیں،چودھری ..

کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26دسمبر2016ء) :مسلم لیگ(ق) کے صدراورسابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کراچی میں جنید جمشید کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحوم میں بہت سی خوبیاں تھیں، طیارہ حادثہ کی انکوائری منصفانہ ہونی چاہئے۔ عمران خان کے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سڑکوں پر آنے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف عمران خان کے سڑکوں پر آنے کا ہمیں علم نہیں، ہمیں سپریم کورٹ پر پورا اعتماد ہے، پانامہ لیکس میں اس کا فیصلہ انصاف اور ملکی مفاد کے مطابق ہو گا اور یہ سب کو قابل قبول ہونا چاہئے جبکہ عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فوری انتخابی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے قائم کردہ کمیٹی فضول ہے اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اگر نیت ٹھیک ہو تو گرینڈ الائنس بن سکتا ہے، نوازشریف اسی صورت میں اپنے پانچ سال مکمل کر سکتے ہیں جب اپوزیشن متحد نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت اپنے اور پیپلزپارٹی کے الائنس کی بات نہیں کر رہا متحدہ اپوزیشن اتحاد کی بات کر رہا ہوں اگر سب اکٹھے نہ ہوئے تو کچھ حاصل نہ ہو گا۔

اس موقع پر جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے چودھری شجاعت حسین کا تعزیت کیلئے آنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنید جمشید کے چودھری شجاعت حسین سے قریبی تعلقات تھے اور وہ اکثر اوقات باتوں باتوں میں چودھری شجاعت حسین کا ذکر بہت اچھے الفاظ میں کیا کرتے تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات