ایشین تھرو بال چمپئن شپ میںپاکستانی ٹیم کی قیادت کرنامیرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، شیراز آصف

ملک کیلئے جیت کا جذبہ لے کر ملائشیاء جارہے ہیں، انشاء اللہ قوم کو اچھا رزلٹ دیں گے

پیر 26 دسمبر 2016 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) ملائشیاء کے شہر کوالالمپور میں 27 تا 30 دسمبر تک کھیلی جانے والی ایشین جونیئر تھروبال چیمپئین شپ میں شرکت کرنے والی پاکستان جونیئر تھرو بال ٹیم کے کپتان شیراز آصف نے کہا ہے کہ ایشین تھرو بال چیمپئین شپ میںپاکستانی ٹیم کی قیادت کرنامیرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ایونٹ کیلئے ہم نے بھرپورتیاری کی ہے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت،سری لنکا اور بنگلہ دیش کا شمار بھی ایشیاء کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے مگر ہم صرف ملک کیلئے جیت کا جذبہ لے کر ملائشیاء جارہے ہیں اور انشاء اللہ قوم کو اچھا رزلٹ دیں گے ایشین چیمپئین شپ میں شرکت کیلئے کوالالمپور روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیزاز آصف کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی میچ کو آسان نہیں لیں گے اس میگا ایونٹ کے حوالے سے ہمارے کوچزجعفر علی،رشیدہ گل،عدنان خان اور رشید گل نے کھلاڑیوں کو تھروبال کی جدید ٹریننگ اور کھیل سے متعلق نئے قواعد و ضوابط سے مکمل آگاہی فراہم کی ہے کھلاڑی جسمانی اور دماغی طور پر مکمل فٹ ہیں اور ہم اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کر کے وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کریں گے خصوصا بھارت کیخلاف میچ کیلئے کھلاڑی نہایت پرجوش اور قومی جذبے سے سرشارہیں شیراز آصف نے مزید کہا کہ چیمپئین شپ کے دوران دیگر ممالک کے اپنے ہم عصر کھلاڑیوں اور پروفیشنل کوچز سے تبادلہ خیال کرنے کا بھی موقع ملے گا جس سے ہمارے کھیل میں نکھار اور تجربے میں اضافہ ہوگا پاکستان میں تھروبال پلیئرز میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اگر ان کھلاڑیوں کو گروم کیا جائے تو یقینا ہمارے کھلاڑی مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر ہونے والے ٹورنامنٹس میں پاکستان کا پرچم سربلند کرسکتے ہیں آرمی پبلک اسکول فیصل میں زیرتعلیم شیراز آصف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں پاکستان کی سینئرتھرو بال ٹیم کی نمائندگی کر کے دنیابھرمیں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کرنا چاہتے ہیں۔