جمشیدزون بلدیہ شرقی میں پھولوںکی نمائش دوسرے روزبھی جاری ،ڈپٹی مئیر کراچی کی نمائش میں دلچسپی ،عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

بلدیہ شرقی نے مثالی نوعیت کی پھولوں کی نمائش کا انعقاد کر کے دیگر اضلاع کیلئے قابل تقلید عمل سر انجام دے دیا ہے،ارشد وہرہ پھولوں کی نمائش اور تفریحی سرگرمیاں ہوتی رہنی چاہیے، بلدیہ شرقی کے اقدام قابل ستائش ہیں : رہنما ایم کیو ایم پاکستان امین الحق

پیر 26 دسمبر 2016 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ نے چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق و دیگر کے ہمراہ بلدیہ شرقی کی جانب سے محمود غزنوی پارک پی ای سی ایچ ایس میں جاری گل داؤدی و دیگر پھولوں کی نمائش کا معائنہ کیا، اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ نے کہا کہ بلدیہ شرقی نے مثالی نوعیت کی پھولوں کی نمائش کا انعقاد کر کے دیگر اضلاع کیلئے قابل تقلید عمل سر انجام دے دیا ہے سب سے خوش آئند امر یہ ہے کہ یہاں لوگوں کی آمد انتہائی خوش آئند ہے لوگ جوق در جوق یہاں آکر پھولوں کی نمائش سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور یہ پیغام ملک بھر میں پہنچ رہا ہے کہ کراچی اب پھولوں کا شہر بننے کی جانب گامزن ہے انہوں نے چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور اور محکمہ باغات کے ڈائریکٹر اقبال شیخ اور ان کی ٹیم کو زبردست الفاظ میں سراہا، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق نے بلدیہ شرقی کی جانب سے منعقدہ پھولوں کی نمائش کو قابل ستائش اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں ہوتی رہنی چاہیے، چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حوصلہ بخش نتائج کی حامل پھولوں کی نمائش کے انعقاد کے بعد اب ایسا لائحہ عمل طے کر رہے ہیں جس سے آئندہ ضلع شرقی میں کئی جگہوں پر کئی اقسام کی پھولوں کی نمائش منعقد کی جائیں بالخصوص گل داؤدی کی مزید اقسام کے ساتھ پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ اب بلدیہ شرقی میں محدود وسائل لامحدود جذبوں کے تحت شہریوں کی خدمت کا آغاز کر دیا ہے آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھ کر خدمات فراہم کی جاتی رہیں گی اس موقع پر ڈائریکٹر کونسل ڈاکٹر آصف رضوی ودیگر افسران بھی موجود تھے۔