سی پیک منصوبے میں خیبر پختونخوا سے مغربی روٹ پر عملی کام شروع کر وانے کیلئے احتجاجی تحریک کو تمام اضلاع میں پھیلایا جارہا ہے، اسد قیصر

ہر علاقے میں عوامی جلسوں اور اجتماعات میں اس حوالے سے عوام کو اعتماد میں لینگے،سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

پیر 26 دسمبر 2016 20:10

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے زیدہ ضلع صوابی میں صوبے کی تاریخ میں عمران خان کی کامیاب ترین تاریخی جلسہ عام کے انعقاد پر ضلع صوابی کے عوام اور کارکنان پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے منصوبے میں صوبہ خیبر پختونخوا سے مغربی روٹ پر عملی کام شروع کر وانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کو صوبے کے تمام اضلاع تک پھیلایا جارہا ہے ہر علاقے میں عوامی جلسوں اور اجتماعات میں اس حوالے سے عوام کو اعتماد میں لیں گے انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسہ صوابی اور تحریک کی وجہ سے حکومت چین نے باقاعدہ طور پر وزیر اعلیٰ پختونخوا پرویز خٹک کو چین کے دورے کی دعوت دی ہے اور وہ چین کے سر کاری دورے پر جلد روانہ ہو جائینگے اسد قیصر نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے خیبر پختونخوا کے عوام مستفید ہونے کے علاوہ اس خطے میں ایک انقلابی تبدیلی آئے گی انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی پسماندگی دور کر نے ، تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔