بینظیر بھٹو کی نویں برسی (آج) گڑھی خدا بخش بھٹو میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

مرکزی تقریب میں آصف علی زرداری، بلاول، بختاور اور آصفہ سمیت پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے

پیر 26 دسمبر 2016 19:20

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بینظیر بھٹو کی نویں برسی (آج) منگل کو گڑھی خدا بخش بھٹو میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ مرکزی تقریب گڑھی خدابخش بھٹو میں منعقد ہوگی جس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے ایم این ایز، ایم پی ایز، سندھ کابینہ کے ممبران اور کارکنان شرکت کریں گے۔

برسی کی تقریبات کا آغاز صبح گڑھی خدا بخش بھٹو میں محترمہ کی مزار پر قرآن خوانی سے کیا جائے گا جس کے بعد اجتماعی دعا اور لنگر تقسیم ہوگا۔ 12 بجے جلسہ عام شروع ہوگا جس میں ملک بھر سے آنے والے شاعر اپنی شاعری اور مقالوں کے ذریعے محترمہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ مرکزی قائدین چار بجے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

جلسے کے حوالے سے گڑھی خدابخش بھٹو میں انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں اور لیڈران کے تصاویر سے سجایا گیا ہے جبکہ اسٹیج پر بھی پارٹی رہنماؤں کے تصاویر اور جھنڈے لگا دیئے ہیں۔

ملک بھر سے آنے والے کارکنان کے سہولت کے لئے کیمپس قائم کئے گئے ہیں جبکہ میڈیکل اور پانی کی سبیلوں کے کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے جانب سے بھی سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں ساڑھے 6 ہزار پولیس افسران و اہلکار اور 300 رینجرز اہلکار تعینات کئے ہیں جبکہ ٹریفک انتظامات کے لئے 700 ٹریفک اہلکار بھی فرائض سرانجام دیں گے۔ برسی کے موقع پر جلسہ گاہ، پارکنگ اور دیگر علاقوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ جلسہ عام کے بعد شام کے وقت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کا اجلاس نوڈیرو میں منعقد ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

دوسری جانب شہید بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے لاڑکانہ شہر سمیت ضلع بھر میں 40 سے زائد استقبالیہ کیمپ قائم کرکے تمام علاقوں کو پارٹی کے جھنڈوں اور بینرز سے سجایا گیا ہے۔