مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، امام الدین کھوسو

پیر 26 دسمبر 2016 19:10

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر امام الدین کھوسو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے والے بڑے بڑے جلسے کرنے کے باوجود کامیاب نہیں ہوسکے ہیں، مسلم لیگ (ن) پاکستان کے عوام کی دلوں میں اپنا مکمل گھر کرچکی ہے،بانی پاکستان کی کاوشوں اور جدوجہد نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قیام یقینی بنایا۔

آج کے حالات میں ہمیں قائد اعظم کی تعلیمات پر عملدرآمد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی آفس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری چوہدری جاوید، سینئر نائب صدر اعظم خان، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری و ترجمان خورشید احمد میرانی، سٹی صدر سعید مغل، اللہ داد بوزدار ودیگر عہدیداران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی مسلسل جدوجہد کے باعث پاکستان وجود عمل میں آیا، جس طرح ہمارے بڑوں نے ملک کے خاطر قربانیاں دی ہیں، ان کی قربانیوں سے آج ہمارا ملک دنیا میں پاکستان کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ محمد نواز شریف نے جس طرح ملک کو ترقی کی راہ میں گامزن کیا ہے، گزشتہ دوروں میں آنی والی حکومتوں نے کبھی بھی ملک کو اس طرح ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں بڑے بڑے منصوبوں کا افتتاح کرکے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا چین سے ہمیشہ سے گہرا تعلق رہا ہے اور اس تعلق کو توڑنے کے لئے چند غیر ملکی قوتیں اپنی کوششیں جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ہندوستان کو کسی صورت ہضم نہیں ہورہا اور وہ اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے اپنے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے جسے مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور کارکنان کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

تقریب کے اختتام پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مسلم لیگ (ن) کے قائد و وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی و میاں محمد نواز شریف کی لمبی عمر کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :