ایس ای سی پی نے کاروبارکے فروغ کے لئے اصلاحات متعارف کروا دیں

پیر 26 دسمبر 2016 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) ملک میں دستاویزی معیشت اور کارپوٹائزیشن کے فروغ اور نئے کاروبار کی رجسٹریشن کو آسان اور سہل بنانے کے لئے سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے ایک دن کے اندر اندر کمپنی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لئے کمپنی رجسٹریشن کے نظام میں اصلاحات متعارف کروا دی ہیں۔ پیر کو ایس ای سی پی کے ترجمان کے بیان کے مطابق خصوصی طور پرلاہور، اسلام آباد اور کراچی کے کمپنی رجسٹریشن کے دفاتر میں سہولت ڈیسک قائم کر دئے ہیں۔

کاروبار اور بزنس کی رجسٹریشن کا آسان اور سادہ طریقہ کار نہ صرف سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار کرنے کو آسان بناتا ہے بلکہ ان کاروباری اداروں میں کام کرنے والے افراد اور مزدوروں کے لئے فائدہ ثابت ہوتا ہے اور بہتر ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع اور زیادہ پیداوار کا سبب ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی حقیقیت کے پیش نظر، سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے ملک میں نئے کاروبار کے آغاز کو سہل اور سادہ بنانے کے لئے اصلاحات متعارف کرواتے ہوئے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں واقع تین بڑے کمپنی رجسٹریشن کے دفاتر میں سرمایہ کاروں کو سہولت اور فوری معلومات کی فراہمی کے لئے سہولت ڈیسک اور رجسٹریشن ڈیسک قائم کر دئے ہیں جو کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کمپنیاں ایک دن کے اندر اندر رجسٹر ہو جائیں۔

مزید، کاروبار کو شروع کرنے کے وقت کو مختصر کرنے کے لئے اور رجسٹریشن کی تمام دستاویزات آن لائن جمع کروانے کی صورت میں کمپنی کی رجسٹریشن ایک دن کی مختصر مدت میں ہو سکے گی۔ کاروبار کی آسان اورتیز رجسٹریشن ملک کی کارپوٹائزیشن کے فروغ کا باعث ہو گی۔اس کے علاوہ متعدد دیگر اصلاحات بھی متعارف کروائی گئیں ہیں جن میں چھوٹی کمپنیوں کی رجسٹریشن اور سا لانہ ریٹرن جمع کروانیکی فیس میں قابل ذکر کمی، کمپنی کی رجسٹریشن کی دستاویزات کے ساتھ، رجسٹریشن کی تصدیق شدہ نقول کی مفت فراہمی، کمپنی کے لئے نام کے اجرا اورکمپنی کی رجسٹریشن کے الگ الگ نظام کو اکٹھا کرنے سے رجسٹریشن کے وقت میں کمی وغیرہ شامل ہیں۔

ایس ای سی پی نے ملک کے مختلف حصوں میں اپنی موجودگی بڑھانے کے لئے گلگت بلتستان میں کمپنی رجسٹریشن دفتر قائم کر دیا ہے جبکہ ابیٹ آباد میں کیپٹل مارکیٹ مرکز اور سیالکوٹ میں سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ یہ تمام اقدامات اور اصلاحات سرمایہ کاروں کو بہترین کاروباری ماحول فراہم کریں گے، اور ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور کاروبار شروع کرنے میں معاون و مدد گار ہوں گے۔ ان اقدامات سے ورلڈ بنک کے نزدیک پاکستان کی رینکنگ بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ …(وخ)

متعلقہ عنوان :