کشمیری قوم کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ شبیر شاہ

حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے افراد کو شاندار خراج عقیدت پیش

پیر 26 دسمبر 2016 18:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے صبر و ثبات پر انہیں سلام پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جو قوم غلا می کی زنجیروں کو کاٹ پھینکنے کا عزم کرتی ہے، اسے ضرور کامیابی ملتی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے افراد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا اگرچہ 2008،2010اور رواں احتجاجی تحریک کے دوران دی جانے والی قربانیوںنے دنیا کے ایوانوں میں گونج پید اکردی ہے لیکن عالمی ادارے ابھی بھی وہ کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں جس کے ہم متمنی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوام متحدہ اوردیگر عالمی اداروں کے کردار پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوچ اورعمل پر تجارتی مفادات حاوی ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ عالمی قیادت اور بھارت میں رہنے والے دانشور وں نے جموںو کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال اور دیگر بھارتی مظالم پر اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی خطے میں اس طرح کے مظالم نہیں ڈھائے جارہے ہیں جس طرح جموں وکشمیر میں جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر سے صرف نظر کرکے عالمی امن کی خواہش کرنا عبث ہے۔

متعلقہ عنوان :