صدر مملکت کی اپیل پر ملک بھر میں نماز استسقاء کی ادائیگی،طویل خشک سالی کے خاتمے ، باران رحمت ،ملکی تعمیرو ترقی، خوشحالی اور امن و امان کیلئے دعا

پیر 26 دسمبر 2016 18:00

ٓاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) طویل خشک سالی کے خاتمے اور باران رحمت کے لئے ملک بھر میں صدر مملکت ممنون حسین کی اپیل پر نماز استسقاء ادا کی گئی اور بارانِ رحمت کے لئے خصوصی دا کی گئی ،اس موقع پرملکی تعمیرو ترقی، خوشحالی اور امن و امان کے لیے بھی دعا کی گئی۔ پیر کو صدر مملکت ممنون حسین کی اپیل پرطویل خشک سالی کے خاتمے اور باران رحمت کے لئے ملک بھر میں نماز استسقاء اداکی گئی ۔

(جاری ہے)

ادھرصدر ممنون حسین کی خصوصی ہدایت پر ایوانِ صدر میں بھی نماز ظہر کے بعد ملک میں باران رحمت کے لیے نماز استسقاء ادا کی گئی۔ نماز میں ایوان صدر کے اعلیٰ حکام اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت نے اتوار کے روز ملک بھر کے علماء اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی تھی کہ وہ باران رحمت کے نزول کے لیے اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوں تاکہ ملک میں پھیلی طویل خشک سالی سے نجات مل سکے۔ملک میں بارشوں کی شدید کمی کے باعث پانی کے ذخائراور زیرزمین پانی کی سطح میں کمی کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے اور فصلوں پر شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔اس موقع پر ملکی تعمیرو ترقی، خوشحالی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔