آٹوانڈسٹری برآمدات کے فروغ اور زرمبادلہ کے حصول میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، محمد ناصر حمید خان

پیر 26 دسمبر 2016 17:51

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ آٹوانڈسٹری کے مسائل حل اور جامع پالیسی کے ذریعے اس شعبے کی برآمدات کو فروغ اور بھاری زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ آٹوانڈسٹری پاکستان کی انتہائی اہم صنعت ہے جوسالانہ بالواسطہ اور بلاواسطہ کم و بیش 50ارب روپے ٹیکس ادا کررہی ہے جبکہ 18لاکھ سے زائد افراد کا روزگار اس سے وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں آٹوموٹیو مینوفیکچرنگ یونٹس میں سرمایہ کاری کا حجم 90ارب روپے کے قریب ہے جبکہ آٹو انڈسٹری ٹیکس ادا کرنے والا دوسرا بڑا شعبہ ہے جو مقامی سطح پر عالمی معیار کے آٹوپارٹس تیار کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی بچارہا ہے۔ محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ پاکستان آبادی کے حوالے سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے اور آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ آٹوموبیل کی طلب میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اگر منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جائے توآٹوموبیل نہ صرف ملک کی سب سے بڑی انڈسٹری بن سکتی ہے بلکہ لاکھوں مزید لوگوں کو روزگار اور حکومت کو بھاری محاصل دینے کے علاوہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ بھی ملک میں لاسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :