Live Updates

نام نہاد تبدیلی کے دعویدار عمران خان نے سیاست میں محض احتجاج،دھرنے اور غلط بیانی کی سیاست کو فروغ دیا ہے، پاکستان کے ادارے آج خود مختار اور آزاد ہیں اور تمام فیصلے میرٹ پر دے رہے ہیں،وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر

پیر 26 دسمبر 2016 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ نام نہاد تبدیلی کے دعویدار عمران خان نے سیاست میں محض احتجاج،دھرنے اور غلط بیانی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج 2013ء کے انتخابات کو گزرے تقریباً ساڑھے تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس سارے عرصہ میں عمران خان کا اگر کوئی کارنامہ قوم کے سامنے ہے تو وہ صرف اور صرف احتجاج اور دھرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء سے اب تک عمران خان اور تحریک انصاف نے متعدد بار ملک کو معاشی اعتبار سے عدم استحکام کا شکار کرنے اور قومی اداروں سے اپنی مرضی کے فیصلے لینے کیلئے دھرنوں اور احتجاج کا سہارا لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے عمران خان کا یہ طرزعمل آج بھی جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی چند دن قبل اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعدعمران خان نے اعلیٰ عدلیہ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پانامہ لیکس سے متعلق عدلیہ کے فیصلے کو من و عن قبول کرنے کی بات کی تھی لیکن افسوس اس امر کا ہے کہ اب عمران خان دوبارہ احتجاج اور دھرنوں کی بات کر کے قومی اداروں کو دبائو میں لانے کی مذموم اور ناکام کوشش کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان کے ادارے خود مختار اور آزاد ہیں اور تمام فیصلے میرٹ پر دے رہے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ پہلے دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے میں عمران خان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اس مرتبہ بھی جیت حق اور انصاف کی ہو گی اور وزیر اعظم اور اُن کا خاندان پر عمران خان کی جانب سے لگائے گئے تمام تر الزامات غلط ثابت ہوں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ عوامی عدالت کی طرح قانونی عدالت سے بھی عمران خان کو سخت ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج نے عمران خان کی سیاست کو شدید اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس میں اصلاح کی گنجائش ناممکن دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک طرف پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت کے ساتھ کھیت سے منڈی تک ہزاروں کلومیٹر اعلیٰ معیار کی کارپٹ سڑکیں تیار کی گئی ہیں لیکن افسوس کہ دوسری طرف عمران خان کی ہٹ دھرم سیاست نے خیبر پختونخوا کی عوام سے اُن کی ترقی و خوشحالی کے تین سنہری سال چھین لئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام اور خود تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور 2018 ء کے عام انتخابات کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت اکثریت سے برسراقتدار آئے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات