بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کا وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیاد ت پر اعتماد کا مظہر ہے، راجہ سفیر

پیر 26 دسمبر 2016 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ اسلام آباد کے صدر راجہ سفیر نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بھاری اکثریت سے کامیابی عوام کا وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیاد ت پر اعتماد کا مظہر ہے، انشاء اللہ 2018ء کا انتخاب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابیاں اور عوامی مقبولیت کا ثبوت دے گا۔

انہوں نے بلامقابلہ میئر راولپنڈی منتخب ہونے پر سردار نسیم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ قربانیاں دینے والے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ اپنے بیان میں راجہ سفیر نے مزید کہا کہ سردارنسیم کی پاکستان مسلم لیگ(ن) کیلئے اپنی زندگی کا ایک حصہ وقف کیا اور مشکل کی ہر گھڑی میں اپنی جماعت کا ساتھ دیا، راولپنڈی کے عوام کو ان جیسے لیڈر کی ہی اس وقت ضرورت تھی جو قائدین نے ان کو پارٹی کا ٹکٹ دے کر پوری کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب الیکشن 2018ء میں راولپنڈی مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ثابت ہو گا اور ڈانس پارٹی کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، عمران خان کو سیاست کی ’’الف ب‘‘ کا بھی پتہ نہیں ہے، ان کو ملک کے حالات سے کوئی سروکار نہیں ہے بلکہ وہ صرف ملک کو دھرنا سیاست سے تباہ کرنا چاہتے ہیں،عوام عمران کی جماعت کو 2018ء کے انتخابات مسترد کر دیںگے۔

مسلم لیگ(ن)صدر لیبرونگ اسلام آبادراجہ سفیر نے مزید کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور آج کا پاکستان2013ء کے پاکستان کے مقابلہ میں زیادہ مضبوط ، مستحکم اورپرامن ہے، سی پیک منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجرکی حیثیت رکھتا ہے، سی پیک منصوبے کی تکمیل وطن عزیز کی ترقی کیلئے نیک شگون اور ملک کی ترقی کا ضامن ہے اور موٹروے کے عظیم منصوبے کی طرح سی پیک منصوبے کی تکمیل کا اعزاز بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو حاصل ہوگا۔