بے نظیر بھٹو شہید جیسی شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیں، جام مہتاب ڈہر،مکیش کمار چاولہ

بینظیربھٹومیں نہ صرف ملکی معاملات چلانے کی صلاحیت اپنے کمال کو تھیں بلکہ پاکستان کا نام عالمی برادری میں اجاگر کرنے کی صلاحیتوں سے بھی مالا مال تھیں،صوبائی وزراء

پیر 26 دسمبر 2016 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء) صوبائی وزراء جام مہتاب حسین ڈہر اور مکیش کمار چاولہ نے کہاکہ بے نظیر بھٹو شہید جیسی شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیں۔شہیدبینظیربھٹومیں نہ صرف ملکی معاملات چلانے کی صلاحیت اپنے کمال کو تھیں بلکہ وہ پاکستان کا نام عالمی برادری میں اجاگر کرنے کی صلاحیتوں سے بھی مالا مال تھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکے روز ہونے والے بیانات میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ شہیدبینظیر نے جابر حکمرانوں سے مفاہمت کرنے کے بجائے عوام اور جمہوریت کی خاطر اپنی جان قربان کردی اور پاکستان کے غیور عوام ان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان سابق صدر آصف علی زرداری اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بینظیرشہیدکے فلسفے کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جام مہتاب حسین ڈہر اور مکیش کمار چاولہ نیکہاکہ بے نظیر بھٹو شہید انتہا پسندی اور دہشت گردی کی سخت مخالف تھیں اور آج ہم سب کو مل کر پاکستان کو ایک پرامن ملک بنانا ہے جہاں ہمارے بچے بے خوف و خطر اپنی زندگی بسر کرسکیں انہوں نے کہاکہ بی بی کی یاد پارٹی کارکنوں اور عوام کے دلوں میں انکی آخری سانسوں تک تازہ رہے گی اور کارکن ان کے خواب اور ان کے مشن کو شریک چیرمین آصف علی زرداری اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پایہ تکمیل کریں گے۔#