قائد اعظم ہمارے عظیم رہنما تھے ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نئے نغمے تخلیق کئے جائیں، ڈاکٹر ارشد وہرہ

نوجوان نسل کو ان کے افکارو خیالات سے آگاہی فراہم کی جائے تاکہ نئی نسل میں اپنے ملک سے محبت کا جذبہ اجاگر ہو، ڈپٹی میئر کراچی

پیر 26 دسمبر 2016 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم ہمارے عظیم رہنما تھے ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نئے نغمے تخلیق کئے جائیں اور نوجوان نسل کو ان کے افکارو خیالات سے آگاہی فراہم کی جائے تاکہ نئی نسل میں اپنے ملک سے محبت کا جذبہ اجاگر ہو، یہ بات انہوں نے محکمہ کلچرل اسپورٹس اینڈ ریکریشن کے زیراہتمام قائد اعظم کے حوالے سے سفاری پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، سینئر ڈائریکٹر سی ایس اینڈ آر سیف عباس، سینئر ڈائریکٹر ایم یو سی ٹی رضا عباس رضوی، ڈائریکٹر سفاری پارک قمر ایوب، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ قائد اعظم اسی شہر میں پیدا ہوئے اور یہیں پر وفات پائی ہمیں قائد کے اس شہر کی ترقی اور تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے اور اپنے عظیم رہنمائوں کے ایام کو شایان شان طریقے سے منانا چاہئے انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے لا زوال قربانیوں کے ساتھ یہ ملک حاصل کیا اب ہمارا فرض ہے کہ نہ صرف اس کی حفاظت کریں بلکہ اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ نوجوا ن نسل قائد کے افکار کی روشنی میں اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دے اور اپنی زندگی میں ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں کو ا پنائے، ڈپٹی میئر کراچی نے اس موقع پر شہریوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ مل کر قائد اعظم محمد علی جناح کے 140 ویں یوم پیدائش کا کیک بھی کاٹا، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں تاکہ جب وہ اس ملک کی باگ ڈور سنبھالیں تو انہیں اس مملکت کے نظریہ اور سوچ کا پتا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ہمیشہ نوجوانوں کو خاص اہمیت دی اور انہیں تلقین کی کہ وہ پاکستان کی ترقی اور حفاظت کے لئے ہراول دستہ ثابت ہوں۔ اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کئے گئے جبکہ اس پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں سفاری پارک آنے والے شہریوں نے شرکت کی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اس اقدام کو سراہا۔