اسلام آباد ہائیکورٹ ، ادویات مہنگی کرنے کے کیس میں سابق ڈرگ انسپکٹر سلیم عیشارت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری

پیر 26 دسمبر 2016 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک ارب روپے کی ادویات مہنگی کرنے کے کیس میں سابق ڈرگ انسپکٹر سلیم عیشارت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ادویات مہنگی کرنے والا ایک ارب روپے کا سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق ڈرگ انسپکٹر سلیم عیشارت نے درخواست ضمانت دائر کر دی۔

جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے ملزم کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا۔ درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سلیم عیشارت کا اس مقدمے سے کوئی تعلق نہیں ہے،انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ سلیم عیشارت نے انکوئری میں نیب کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ڈریپ کی ٹیم نے کاغذات بھیجے میں نے صرف ان پر دستخط کیے تھے۔

کاغذات کی جانچ پڑتال ڈریپ کے عہدیداران کا کام تھا۔ ایک دستخط کرنے کی مجھے اتنی بڑی سزا دی جا رہی ہے، جبکہ نیب کا موقف ہے کہ ڈرگ انسپکٹر سلیم عشرت نے جعلی رپورٹ بنا کر فارما سیوٹیکل کمپنی کو فائدہ دیا ہے اور اس سکینڈل میں اب تک اعلی سرکاری افسران سمیت 12 ملزمان گرفتار کرلیے ہیں۔ واضح رہے کہ نیب نے سلیم عیشارت کو ضمانت قبل ازگرفتاری خارج ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ (مہر علی خان)

متعلقہ عنوان :