کرسمس امن ٹرین لاہور کے راستے رائیونڈ پہنچ گئی

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی اور وفاقی وزیر برائے ہیومن رائٹس کامران مائیکل نے ٹرین کے دیگر شرکاء کا والہانہ استقبال کیا

پیر 26 دسمبر 2016 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) کرسمس امن ٹرین لاہور کے راستے رائیونڈ پہنچ گئی۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبد الغفور خان اور وفاقی وزیر برائے ہیومن رائٹس کامران مائیکل نے ٹرین کے دیگر شرکاء کا والہانہ استقبال کیا۔ اس ٹرین نے 22 دسمبر کو اسلام آباد سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور یہ کراچی 31 دسمبر کو پہنچے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کامران مائیکل نے کہا کہ اس ٹرین کو ہیومن رائٹس پاکستان ریلویز اور پی ٹی ڈی سی کے تعاون سے چلانے کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی، امن و آشتی موجود ہے خصوصاًًً مسیحی برادری کے درمیان بھائی چارہ قابلِ ذکر ہے جس کا ثبوت کرسمس کے موقع پر اس ٹرین کا اجراء ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت رنگ و نسل کے امتیاز سے بالاتر ہو کر ملک کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوشاں ہیں۔

اس ضمن میں تمام مشکلات کے باوجود ہم پُر امید ہیں کہ ہم پُرامن ، روشن خیال اور ترقی یافتہ پاکستان کے سامنے آنے والی تمام ، رکاوٹوں کو عبور کر لیں گے۔ کامران مائیکل کراچی تک اس ٹرین کے ساتھ سفر کریں گے۔ چوہدری عبد الغفور خان نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر اس ٹرین کا اہتمام وزیر اعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ ان کی پرعزم رہنمائی میں ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔

آمریت کے طویل سیاہ دور کے بعد موجودہ جمہوری حکومت عوام میں امن و آشتی کی شعور بیدار کر رہی ہے۔ ہم دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کے بجائے عملی کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں۔ ملک میں جاری منصوبہ جات اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ تمام شعبوں کے ساتھ سیاحت میں بھی پاکستان دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام حاصل کر لے گا۔ میری خواہش ہے کہ پی ٹی ڈی سی پاکستان ریلویز ائیر لائنز اور دیگر ادارے ملک کی ترقی اور قیام امن کے لیئے باہمی تعاون سے کام کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :