فیصل آباد: فنڈز کی کمی یا عدم توجہی 2016 میں 7میگاپراجیکٹس نامکمل رہے

پیر 26 دسمبر 2016 17:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2016ء)نیا سال آنے کو ہے مگر فیصل آباد میں پرانے منصوبے جوں کے توں ہیں، 2016ئ میں مکمل ہونے والے 7 بڑے ترقیاتی منصوبے انتظامیہ کی سستی کے باعث تاحال تکمیل کے منتظر ہیں، کسی کے فنڈز ختم تو کوئی عدم دلچسپی کی نذر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے سال بھی پرانے منصوبے تکمیل کے منتظر رہیں گے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کے 7 بڑے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل تو رواں سال ہونا تھا مگرفنڈز کی کمی اور انتظامیہ کی عدم توجہی انہیں متاثر کر گئی۔ دو سال سے اراضی کا منتظر انتقال خون سروس سنٹر کی تعمیر ہو یا شیخوپورہ روڈ پرسمارٹ ڈرین منصوبہ، ایکسپریس ہائی وے کی تزین و آرائش بھی نہیں ہوسکی۔شہر کا واحد پارکنگ پلازہ بھی فنڈز کی کمی سے تاخیر کا شکار ہے۔ 2012ئ میں شروع ہونے والی فوڈ لیبارٹری بھی وعدوں کے باوجود نامکمل ہے۔ 2010ئ میں بننے والے حاجی کیمپ کو بھی فعال کرنے کے لیے کمیٹی بنی مگر تاحال یہ غیرفعال ہے۔ حکومت نے کئی منصوبوں کے فنڈز میں اضافہ کیا مگر پھر بھی پرانے منصوبوں کو نئے سال میں مکمل کرنے کی امید دلائی ہے۔