صحرا پرکیمپنگ کرنے والوں کی قوانین کی خلاف ورزی ، حکام نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 26 دسمبر 2016 16:48

شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 دسمبر 2016ء):صحرا پر تفریح کی غرض سے جانے والے افراد کیمپنگ کرتے ہیں ۔ کیمپس میں موجود افراد اکثر و بیشتر قوانین کی خلاف ورزی بھی کرتے ہیں جن کے خلاف متعلقہ حکام نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شارجہ میں کیمپس میں موجو د افراد کے ناروا سلوک سے متعلق کئی شکایتیں رپورٹ کی گئیں۔ شہریوں نے موسم سرما کے آتے ہی صحرا اور کھُلی جگہوں پر کیمپنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

شارجہ کے شہریوں نے کیمپس میں موجود افراد کے ناروا سلوک سے متعلق شکایات بھی کیں جن کی بنا پر شارجہ حکا م نے غیرمجاز علاقہ جات میں کیمپنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شارجہ میں حکام برائے ماحولیات اور محفوظ علاقہ جات (ای پی پی اے)، شارجہ پولیس اورمیونسپلٹی کو کیمپس میں موجود افراد کی غیرمجاز علاقہ جات میں کیمپنگ کے دوران ممنوعہ حرکتوں سے متعلق کئی شکایات موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد متعلقہ حکام نے مذکورہ علاقہ جات میں کیمپنگ کرنے والوں اور شہریوں کو پریشان کرنے والوں کے خلاف انسپکشن کا آغاز کر دیا ہے۔ای پی پی اے کے چئیر پرسن حنا سیف الصویدی کا کہنا تھا کہ ای پی پی اے کی جانب سے کیمپنگ کے لیے مختص کی گئی جگہوں اور کیمپرز کے لیے میڈیکل اور سکیورٹی کی سہولیات کی فراہمی کے باوجود کچھ افراد کو غیرمجاز علاقہ جات میں کیمپنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

حال ہی میں کی گئی انسپکشن میں کئی کیمپرزکو قوانین کی خلاف ورزی کرتے اور ماحول کو نقصان پہنچاتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے کئی افراد کو صحرا کے عین وسط میں بھی کیمپنگ کرتے ہوئے پایا گیا ، حالانکہ ایسے علاقہ جات میں ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر امداد بھی نہیں بھجوائی جا سکتی۔ ای پی پی اے نے حال ہی میں ایسے علاقہ جات میں کیمپنگ کرنے والے افراد پر دوہزار درہم جُرمانہ عائدکیا ہے۔

قوانین کی دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں جُرمانے کی رقم دو گنا کر دی جائے گی۔اس جُرمانے کو وزارت داخلہ سے منسلک کیا گیا ہے۔ جو شہریوں پر اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تجدید کے وقت واجب الادا ہو گا۔ چئیر پرسن حنا نے مزید کہا کہ ہم ماحول کو انسانی سرگرمیوں کے نتیجے میں کسی بھی نقصان سے بچانے اور اس کی حفاظت کرنے کے لیے پُر امید ہیں۔ مزیر برآں ہم نے صحرائی علاقہ جات میں قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی لانے اورعوام میں ماحول کی حفاظت سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے مہم کے آغاز پر بھی غور کا آغاز کر دیا ہے۔

شارجہ پولیس کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے آغاز ہی سے کیمپرز سے متعلق کئی شکایات موصول ہو رہی ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کیمپرز اونچی آواز میں میوزک لگاتے ہیں، جس سے شہریوں کا سکون متاثر ہوتا ہے ۔ دوسری جانب شارجہ میونسپلٹی کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ کیمپرز صحرا ئی علاقہ جات میں کیمپنگ کے دوران کوڑا کرکٹ پھینکنے اور اسے جلانے سے گریز کریں ، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے افراد پر ایک ہزار درہم جُرمانہ عائد کیا جائے گا جو دوبارہ خلاف ورزی کرنے پر دو گنا ہو جائے گا۔