سی پیک سے متعلق مشترکہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بیجنگ میں ہوگا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ بھی اجلاس میں شریک ہوںگے

پیر 26 دسمبر 2016 16:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) سے متعلق مشترکہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بیجنگ میں ہوگا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال پاکستانی وفد جبکہ چین کی قومی ترقی اور اصلاحات کے نائب چیئرمین اپنے ملک کے وفد کی نمائندگی کریں گے۔ وفاقی حکومت کی دعوت پر تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ بھی اجلاس میں شریک ہوںگے ۔

اجلاس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مختلف جاری اور نئے منصوبوں پر غورکیا جائے گا، مشترکہ کمیٹی کے اجلاس سے قبل بدھ کودونوں ممالک کے اعلٰی حکام کا بھی ایک اجلاس ہوگا۔ اجلاس کے مقاصد کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دنیا میں علاقائی تعاون کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اور اس پر ہونے والی پیشرفت سے پاکستان کے دوست خوش اوردشمن پریشان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس قومی منصوبے کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس منصوبے کی کامیابی کا انحصار ہمارے اتحاد اورعزم پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کو کسی ایک صوبے کا منصوبہ نہیں کہنا چاہئے کیونکہ اس منصوبے سے تمام صوبے مساوی طور پر مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سے سوراب تک مغربی روٹ کا650کلومیٹر حصہ مکمل ہوچکا ہے جس سے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی سماجی اور اقتصادی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :