بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے مجلس شوریٰ کااجلاس منعقد کرنے پر پابندی عائد کردی

پیر 26 دسمبر 2016 12:36

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کو حیدر پورہ سرینگر میں اپنی مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مجلس شوریٰ کے کسی بھی رٴْکن کو دفتر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ حریت کانفرنس کا ایک اہم اجلاس چیئرمین سید علی گیلانی کی صدارت میں منعقد ہونے والا تھا۔

(جاری ہے)

مجلس شوریٰ کے ارکان جونہی حیدپورہ پہنچ گئے ،بھارتی پولیس نے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی اور انہیں واپس جانے پر مجبور کیا۔ یاد رہے حریت چیئرمین سید علی گیلانی کے ساتھ لوگوں کی ملاقات کرنے پر پہلے ہی مکمل پابندی عائد ہے،یہاں تک کہ دفتر میں کام کرنے والے افراد کو بھی اندر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ حریت کانفرنس کا یہ اجلاس 6ماہ کے بعد طلب کیا گیا تھا اور اس میں جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیالات ہونا تھاتاکہ آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جاسکے۔ tar/msb 1155