کشمیر میںچنگاری موجود ہے ،مرکزی حکومت نے حالات کی بہتر ی کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ،غلام نبی آزاد

نوٹ بندی کا اعلان کانگریس کرتی تو بی جے پی والوں نے بنکوں میں آگ لگادی ہوتی،اپوزیشن لیڈرراجیہ سبھا بھارتی کسان مر رہے ہیں،غریب روزی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، نوٹ بندی نے پورے ملک کے کاروبار کو زک پہنچا دیا

پیر 26 دسمبر 2016 12:29

لکھنوئ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 دسمبر2016ء) بی جے پی کو ریاست جموں و کشمیر سمیت ملک کیلئے نا قابل قبول قرار دیتے ہوئے بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر اور مقبوضہ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ کانگریس کے دور ِ اقتدار میں نوٹ بندی ہوئی ہو تی تو بی جے پی والوں نے پورے ملک کے بینکوں میں آگ لگائی ہوتی۔

کسان مر رہے ہیں،غریب روزی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں اور نوٹ بندی نے پورے ملک کے کاروبار کو زک پہنچا دیا ہے۔ گزشتہ روزاتر پردیش میں عوامی جلسے سے خطاب کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں حالات میں بہتری بی جے پی کی جانب سے اٹھا ئے گئے اقدامات کے باعث نہیں ہوئی بلکہ چنگاری اب بھی موجود ہے اور مرکزی حکومت نے ریاست میں حالات کو بہتر بنانے کیلئے اب بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعلیٰ نے تمام مزاحمتی قیادت سمیت تمام سٹیک ہولڈروں کے ساتھ بات چیت کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت سے ہی امن قائم کرنے اور لوگوں کو راحت پہنچا نے کیلئے اقدامات اٹھا ئے جا سکتے ہیں۔ نوٹ بندی کے وزیراعظم کے اعلا ن کو لوگوں کے خلاف جنگ قرار دیتے ہوئے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر کانگریس کے دور ِ اقتدار میں نوٹ بندی کا اعلان کیا گیا ہو تا تو بھارتیہ جنتا پارٹی نے پورے ملک کے بینکوں میں آگ لگائی ہوتی۔

متعلقہ عنوان :