نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کو 77 رنز سے ہرا دیا

پیر 26 دسمبر 2016 12:17

نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کو 77 رنز سے ہرا دیا

کرائسٹ چرچ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) نیوزی لینڈ نے ٹام لیتھم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل 77 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 341 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا جس میں ٹام لیتھم کی 137 رنز کی دلکش اننگز شامل تھی، کولن منرو نے 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 264 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، شکیب الحسن اور مصدق حسین نے نصف سنچریاں سکور کیں، جمیز نیشم اور فرگیوسن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، لیتھم کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کرائسٹ چرچ میں سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

بلیک شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے، اوپنر ٹام لیتھم نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی اور 137 رنز بنائے جس میں چار چھکے اور سات چوکے شامل تھے، کولن منرو نے آخر میں دھواں دار بیٹنگ کی اور 61 گیندوں پر 87 رنز بنائے جس میں چار فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ کین ولیمسن 31 ، نیل بروم 22 ، مارٹن گپٹل 15، جیمز نشیم 12 اور لوک رونکی 5 رنز بنا سکے۔

شکیب الحسن نے تین جبکہ تسکین احمد اور مصطفض الرحمان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44.5 اوورز میں 264 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، شکیب الحسن 59 ، مصدق حسین ناٹ آئوٹ 50 ، مشفق الرحیم 42 اور تمیم اقبال 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جیمز نیشم اور فرگیوسن نے تین، تین جبکہ ٹم سائودی نے دو اور مچل سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹام لیتھم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :