باکسنگ ڈے ٹیسٹ، پاکستان نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا لئے، اظہر علی 66 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ، جیکسن برڈ کی دو وکٹیں، بارش کے باعث 50.5 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا

پیر 26 دسمبر 2016 11:38

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا لئے، خراب موسم کے باعث 50.5 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، جیکسن برڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سمیع اسلم اور اظہر علی 18 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، سمیع اسلم محض نو رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر سٹیون سمتھ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان 60 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 23 رنز بناکر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر سٹیون سمتھ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اظہر علی اور یونس خان نے تیسری وکٹ میں 51 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 111 تک پہنچا دیا، جیکسن برڈ نے 21 کے انفرادی سکور پر یونس خان کو کلین بولڈ کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی، کپتان مصباح الحق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 11 رنز بنانے کے بعد جیکسن برڈ کا شکار بن گئے، پاکستان نے 50.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی اور وقت سے پہلے چائے کا وقفہ لے لیا گیا مگر بارش کی شدت میں کمی نہ آئی اور پہلے دن کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا، اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، جیکسن برڈ نے دو جبکہ نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔