فرنٹیئرکور بلوچستان کے زیر اہتمام قائد اعظم محمد علی جناح کی یو م پیدائش کی مناسبت سے صوبے بھر میں پر وقار تقریبات کا انعقاد ،یو م ولادت قائد اعظم اس عہد کی تجدیدکا دن ہے کہ مملکت خداداد ''پاکستان کی شان اور سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ودیگر اعلیٰ حکام کا تقریب سے خطاب

اتوار 25 دسمبر 2016 22:00

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فرنٹیئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام صوبے کے تمام اضلا ع میں پر وقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ان تقریبات میں اسکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات کے علاوہ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی ۔

بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے حوالے سے مر کزی پر چم کشائی کی تقریب ان کی آخری رہائش گاہ زیارت ریز یڈنسی میں منعقد کی گئی۔پر چم کشائی کی اس تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم ، اسپیکر بلوچستان راحیلہ درانی،صوبائی وزراء ڈاکٹر حمید خان اچکزئی ، سرفراز بگٹی ،نواب محمد خان شاہوانی ، چیف سیکرٹری سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پویس احسن محبوب ، سول اور عسکری حکام ، قبائلی عمائدین ،خواتین کے علاوہ مختلف اسکول ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ نے بابائے قو م قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ صلاحیتوں ، فہم فراست اور غیر متزلزل عزم وہمت سیاسی بصیرت اور بے مثال قائدانہ صفات کے بدولت مسلمانان ہند کی بقاء اور سلامتی کے لیے ایک آزاد اور خود مختار مملکت پاکستان کی شکل میں معر ض وجود میں آیا ۔

انہوں نے کہا کہ یو م ولادت قائد اعظم اس عہد کی تجدیدکا دن ہے کہ مملکت خداداد ''پاکستان کی شان اور سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی تعمیر اور ترقی میں تمام تر توانائی صرف کریں گے۔آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بابائے قوم محمد علی جناح کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ فر نٹیئر کور بلوچستان قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہرے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے صوبے میں امن وامان کے قیام کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ اور صحت کے سہولیات کی فراہمی کے لیے مخلصا نہ کردار اداد کر رہی ہے ۔تقریب میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے ٹیبلو ز،تقاریر اور دیگر پروگراموں کے ذریعے بابائے قوم کی زندگی کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کی مناسبت سے زیارت میں مر کزی تقریب کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات میں اسکولوں کے طلباء و طالبات نے تقاریر ، ٹیبلوز ،ملی نغموں اور خاکوں کے ذریعے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ صحت مندانہ سر گر میوںکی فراہمی کے سلسلے میں عوام کے لیے نشانہ بازی ، گھڑسواری ،میراتھن دوڑ اور کر کٹ و فٹ بال کے مقابلے منعقد کیے گئے۔

ایف سی ترجمان کے جاری پریس ریلیز کے مطابق فر نٹیئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یو م پیدائش کے حوالے سے صوبے بھر میں منعقد تقاریب میں عوام کی بھر پور شرکت اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ بلوچستان کے عوام نادیدہ قوتوں اور بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا نام نہاد لیڈروں کے اہلکار بنیں گے اور نہ ہی ملک کی خود مختاری اور سا لمیت پر آنچ آنے دیں گے۔