قائداعظم کی سالگرہ پر ہمیں عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کی پہچان اور قائد کا پاکستان بنانا ہے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف قائد کے وژں کی مطابق پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں‘ قائداعظم نے تعلیم کے ساتھ ساتھ ایمان‘ اتحاد اور نظم کا درس دیا

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا سپورٹس کمپلیکس میں قائداعظم محمد علی جناح کے سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 25 دسمبر 2016 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائداعظم کی سالگرہ پر ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کی پہچان اور قائد کا پاکستان بنانا ہے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف قائد کے وژں کی مطابق پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں‘ قائداعظم نے تعلیم کے ساتھ ساتھ ایمان‘ اتحاد اور نظم کا درس دیا۔

وہ اتوار کو یہاں سپورٹس کمپلیکس میں قائداعظم محمد علی جناح کے سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب سے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کی زیر اہتمام سات روزہ قائداعظم کی سالگرہ کی تقریبات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو انعامات بھی دیئے گئے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے انعامات تقسیم کیے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزارت کا قلمدان سنبھالتے ہیں انہیں یہ ذمہ داری سونپی کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کو بھرپور طریقے سے منایا جائے اور طالب علموں‘ بزنس کمیونٹی‘ میڈیا اور تارکین وطن ہر ایک کو اس میں شامل کیا جائے اور اس میں ہم کامیاب رہے۔

اس پر وزارت اطلاعات و نشریات کے تمام محکمہ جات کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان تقریبات کا آغاز 19 دسمبر سے کیا گیا‘ یہ تقریبات منعقد کرکے ہم نے پاکستان کو قائد کا پاکستان بنانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے‘ آج قائد کی سالگرہ پر ہم یہ عہد کر رہے ہیں کہ پاکستان کو قائد کی پہچان اور قائد کا پاکستان بنائیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ قائداعظم نے بار بار یہ پیغام دیا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں سب زیادہ اہم چیز تعلیم ہے‘ کوئی بھی قوم کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس ملک کے لوگ تعلیم یافتہ نہ ہوں‘ قائداعظم نے ایمان‘ اتحاد اور تنظیم کا درس دیا‘ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی‘ آج قائداعظم کی سالگرہ کے ساتھ ساتھ کرسمس بھی ہے‘ ہم اس موقع پر پوری مسیحی برادری کو اس کی مبارکباد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج تین بار پاکستان کے وزیراعظم بننے والے رہنما محمد نواز شریف کی بھی سالگرہ ہے جنہوں نے اپنے ادوار میں پاکستان کو قائد کا پاکستان بنانے کا عزم اور کوششیں کیں‘ وہ پاکستان کو اقتصادی طور پر خوشحال‘ ترقی یافتہ‘ پرامن بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں‘ ہم ان کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں‘ مریم اورنگزیب نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیشہ نوجوانوں کے کردار کا ذکر کیا تاہم ہم میں نظم وضبط کی کمی ہے جب تک ڈسپلن اور ذمہ داری کے ساتھ ساتھ خوداعتمادی نہیں ہوگی ہم کسی شعبے میں آگے نہیں بڑھ سکتے۔

انہوں نے تقریب میں شریک سفیروں‘ سفارتکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے مل کر پاکستان کو آگے لیکر چلنا ہے۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے تمام محکموں کے سربراہان اور غیرملکی سفیروں کے ہمراہ قائداعظم کی 141 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ وزیر مملکت کے ساتھ تقریب میں شریک بچوں اور خواتین نے تصویریں بھی بنوائیں۔