حلب کی صورتحال پر عالم اسلام کی بے حسی افسوسناک ہے، حافظ احمدعلی

اتوار 25 دسمبر 2016 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء)جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے کہاہے کہ حلب کی صورتحال پر عالم اسلام باالخصوص OICکی بے حسی اور خاموشی انتہائی افسوسناک ہے، مسلمانوں پر جبروتسلط، جارحیت اور بدترین ظلم پر امت مسلمہ اتحادویکجہتی کا مظاہرہ کرے اور متحد ہوکر عالمی استعمار کے خلاف میدان میں نکلے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جے یوآئی سندھ کے امیر الحاج قاری عبدالمنان انور نقشبندی کے زیرصدارت منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی رہنمامولانااقبال اللہ، مولاناحضرت ولی ہزاروی، علامہ احمدعلی مدنی، پیر لیاقت علی شاہ، صوبائی ناظم مفتی محمدحماداللہ مدنی، مولانامشتاق عباسی، مولاناغلام مصطفی فاروقی، مولاناقاری عبدالحئی شیخ، مفتی ظل الرحمان، قاری عبدالغفورشاکر، قاری سیف الرحمان، الحاج عبدالعزیز صدیقی، حافظ انجینئر سلمان احمدعلی، حافظ اسامہ احمدعلی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ احمدعلی نے اپنے خطاب میں کہاکہ روس افغانستان میں اپنی شکست وریخت کو بھول چکاہے اور ایک بار پھر خونی بھیڑیابن کر مسلمانوں پر ٹوٹ پڑاہے، روس افغانستان میں اپنے انجام کو یادرکھے اورشام کے مسلمانوں پرظلم وستم سے بازآجائے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑنے والے اللہ کے غضب سے ہرگز نہیں بچ سکتے،مسلم حکمران اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور مسلمانوں کی حقیقی ترجمانی کا حق اداکریں ۔