دامن مصطفیٰ ﷺ سے وابستہ ہوئے بغیر دین و دنیا میں کامیابی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، سید ارشد سعید کاظمی

اتوار 25 دسمبر 2016 21:00

خانیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) دامن مصطفیٰ ﷺ سے وابستہ ہوئے بغیر دین و دنیا میں کامیابی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا،نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ کے ہر پہلو میں انسانیت کی فلاح وبہبودکیلئے ہدایت و رہنمائی کے چشمے موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار جامعہ انوار العلوم ملتان کے شیخ الحدیث ،جگر گوشہ غزالی زمان علامہ سید ارشد سعید کاظمی نے تنظیم السعید پاکستان کبیروالا کے زیر اہتمام جامعہ غوثیہ مہریہ نوریہ جھنگ روڈ کبیروالا میں منعقدہ ماہانہ محفل درس قرآن پاک سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے والہانہ عشق کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو قرآن وسنت کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں ،اسی میں ہی دین ودنیا کے کامیابیوں کا راز پوشیدہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ (آج) ہر مسلمان پریشان دکھائی دیتا ہے ،اس کا سبب صرف یہی ہے کہ ہم نے اپنے آپ کو اسلامی روایات اور احکامات سے دور کرلیا ہے،اپنی اولاد کی تعلیم وتربیت اسلامی تعلیمات کے مطابق کرنے کی بجائے انہیں اغیار کی تہذیب وتمدن کا دلدادہ بنارہے ہیں ،جتنی بھی زندگی میسر ہے ،اسے غنیمت سمجھنا اور فکر آخرت کا سامان کرنے میں گزارنا ہی نعمت خداوندی ہے ۔

محفل درس قرآن کے اختتام پر علامہ سید محمد ارشد سعید کاظمی نے تنظیم السعید پاکستان کے صوبائی کنوینئر خورشید بزدار سعیدی ،ضلع خانیوال کے صدر شاہد محمود سعیدی اور نائب صدر محسن ضیاء سعیدی کے ہمراہ مستحق افراد میں گرم سوٹوں کے گفٹ پیک تقسیم کئے۔محفل درس قرآن میں ممبر پنجاب اسمبلی 212پی پی مہر اکبر حیات ہراج سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :