چوتھی سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ اسلام آبادجنز نے جیت لی

اتوار 25 دسمبر 2016 20:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء)پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام چوتھی سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ 2016ء اسلام آبادجنز نے دفاعی چیمپئن آرمی کی ٹیم کو شکست دے کر جیت لی، تفصیلات کے مطابق پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور میں سروس ٹائرز لیگ کے آخری میچ کھیلے گئے۔ فائنل میچ اسلام آباد جنز اور پاکستان آرمی کے درمیان کھیلا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 6-6 پوائنٹس سے برابر رہا۔ اسلام آباد کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 22 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون ہونے کی وجہ سے لیگ جیت گئی۔ آرمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 19 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ فائنل میں اسلام آباد کی طرف سے دو پنلٹی ٹرائیز بلال خان نے سکور کیں جبکہ آرمی کی طرف سے ایک پنلٹی ٹرائی فیاض ڈوگر جبکہ دوسر ی محمد رمضان نے سکور کی۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سروس ٹائرز اینڈسیکرٹری پاکستان رگبی یونین عارف سعید نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اسلام آباد کے کپتان کاشف خواجہ کو دیا گیا۔ جیتنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپیہ ، رنرز اپ کو پچاس ہزار روپے انعام دیا گیا۔ بہترین کھلاڑی کو دس ہزار جبکہ ڈویژن ٹو کی فاتح ٹیم کو بھی پچاس ہزار انعام دیا گیا۔

ٹاپ لیگ میں پانچ ٹیمیں شامل تھیں۔ اسلام آباد جنز کی ٹیم پہلی پوزیشن پر، آرمی دوسری پوزیشن پر ، لاہور رگبی فٹ بال کلب تیسری پوزیشن پر ،لاہور ہاکس کی ٹیم چوتھے نمبر پر جبکہ ڈی ایچ اے کی ٹیم پانچویں نمبر پر رہی۔ لاہور ہاکس کی ٹیم کو ایمرجنگ ٹیم کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اختتامی تقریب میں پاکستان رگبی یونین کے صدر فوزی خواجہ، ہیڈ کوچ شکیل احمد، اسلام آباد رگبی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سلمان شیخ،کرنل (ر) آصف ڈار، سید معظم علی شاہ اور دیگر بھی شامل تھے۔