شوپلانیٹ پاکستان پولو کپ، باڑیز کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد جیت لیا

سب سڈری کے فائنل میں زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم کامیاب

اتوار 25 دسمبر 2016 20:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام شوپلانیٹ پاکستان پولو کپ 2016ء کا فائنل باڑیز کی ٹیم نے زبردست مقابلے کے بعد ماسٹر پینٹس کو 7-5 سے ہرا کر جیت لیا جبکہ سب سڈری فائنل میں زیڈ ٹی بی ایل نے ڈالر ایسٹ کو ہرا دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب کے پہلے ہائی گول سیزن کے فائنل کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی شو پلانیٹ کے سی ای او شاہد حسین تھے، ان کے ساتھ لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز اعظم حیات نون، ثاقب خان خاکوانی ، آغا نجیب اور دیگر ممبرز ، شو پلانیٹ کے اسسٹنٹ برانڈ مینجرعلی، کوآپریٹ سروسز اور پی آر ہیڈ قرة العین اور فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

شائقین کوفائنل میچ میں زبر دست کھیل دیکھنے کو ملا۔

باڑیز کی طرف سے پہلے چکر میں حمزہ معاز خان نے پہلا گول سکور کیا چند لمحوں بعد ہی ماسٹر پینٹس کی طرف سے حسام علی حیدر نے گول سکور کرکے میچ برابر کردیا۔ دوسرے چکر میں بھی دونوں ٹیموں کی طرف زبردست کھیل پیش کیا گیا باڑیز نے دوسر ے چکر میں تین جبکہ ماسٹر پینٹس نے دو مزید گول سکور کیے۔ چوتھے چکر کے اختتام پر باڑیز کی ٹیم کا سکور 7 تھا جبکہ ماسٹر پینٹس کی ٹیم5 گول سکور کیے۔

باڑیز کی طرف سے حمزہ مواز خان نے چار، تیمور مواز خان نے دو جبکہ راجہ سمیع اللہ نے ایک گول سکور کیا جبکہ ماسٹر پینٹس کی طرف سے حسام علی حیدر نے چار جبکہ احمد علی ٹوانہ نے ایک گول سکور کیا۔ دوسری طرف سب سڈری فائنل میں زیڈ ٹی بی ایل نے ڈالر ایسٹ کو 7-6 سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔ زیڈ ٹی بی ایل کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے چھ گول سکور کیے۔ دوسری طرف سے صوفی محمد عامر نے خوبصورت تین گول سکور کیے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سی ای او شوپلانیٹ شاہد حسین نے انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :