شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے محلوں سے باہر فلتھ ڈپو قائم کیے جا رہے ہیں، لاری اڈہ بیلہ نور شاہ سے کھوکھے ختم کر کے نو تعمیر ہونے والے پلازوں میں دکانیں فراہم کی جائیں گی۔ اسٹیٹ آفیسر بلدیہ حاجی انجم بلال

اتوار 25 دسمبر 2016 20:20

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) اسٹیٹ آفیسر بلدیہ حاجی انجم بلال نے کہا ہے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا بلدیہ کی ذمہ داری ہے ، شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے محلوں سے باہر فلتھ ڈپو قائم کیے جا رہے ہیں، لاری اڈہ بیلہ نور شاہ سے کھوکھے ختم کر کے نو تعمیر ہونے والے پلازوں میں دکانیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سید شکیل گیلانی کی خصوصی ہدایت پر اڈوں میں غیر قانونی تعمیرات ختم کی جا رہی ہیں ،اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے ۔ زلزلہ 2005کے بعد کئی مقامات ایسے ہیں جہاں آج بھی ملبہ پڑا ہوا ہے ، سرکاری اراضی سے یہ ملبہ ہٹانے کے لئے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مدینہ مارکیٹ ،نیا محلہ و دیگر گنجان آباد علاقوں میں سے گندگی اور کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لئے ایک مقام کا تعین کیا جا رہا ہے جہاں سے بلدیہ کی گاڑی گندگی اٹھا لے گی۔ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی تمام تر صلاحتیں اور وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔بلدیہ مظفرآباد شہریوں کا ادارہ ہے ، اسے فعال بنانے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں عوام بھی تعاون کریں ۔عوام کے تعاون سے ہی مسائل کو حل کرنا ممکن ہو گا۔