پاکستان اللہ کی نعمت ہے ،قائد اعظمؒکی جدوجہد کے نتیجے میں آج ہم آزاد ، خود مختار ملک میں زندگی گزاررہے ہیں، ڈپٹی میئر کراچی

قائد اعظم دنیا کے ان عظیم رہنمائوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے نئی تاریخ رقم کی ،مسلمانوں کیلئے ایک آزاد مملکت کو دنیا کے نقشے پر ابھارا،ارشد وہرا

اتوار 25 دسمبر 2016 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی نعمت ہے اور قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے ساتھ مل کر جو عظیم جدوجہد کی ہے کہ ا س کے نتیجے میں آج ہم ایک آزاد اور خودمختار اسلامی مملکت میں زندگی گزار رہے ہیں قائد اعظم محمد علی جناح دنیا کے ان عظیم رہنمائوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کی اور مسلمانوں کے لئے ایک آزاد مملکت کو دنیا کے نقشے پر ابھارا، یہ بات انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی 140 ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دینے، پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان کو سنبھالنا، ترقی دینا اور اس کی حفاظت کرنا اب ہماری ذمہ داری ہے ہمیں اپنے ملک اور اپنے رہنمائوں کے ساتھ عقیدت او رمحبت کے جذبے کو اجاگر کرنا ہوگا پاکستان کی تعمیر کریں اس سے محبت کریں انہوں نے کہا کہ کراچی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بانی پاکستان یہیں پر پیدا ہوئے اور اسی شہر میں وفات پائی، انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اس آزاد مملکت کو اسلام کا قلعہ قرار دیا تھا ہمیں یہاں رواداری، اخوت، مساوات، بھائی چارگی کے جذبے کو عام کرنا چاہئے تاکہ قائد کے اصولوں پر عملدرآمد کیا جاسکے، ڈپٹی میئر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی میں صفائی مہم جاری ہے اور ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ تین ارب روپے اگر کے ایم سی کو دیں تو ہم 6ماہ کے اندر کراچی سے گزشتہ آٹھ سال کا جمع شدہ ہزاروں ٹن کچرا صاف کردیں گے انہوں نے کہا کہ ضلع جنوبی اور ضلع شرقی میں کچرا اٹھانے کے لئے جس چائنہ کمپنی سے معاہدہ کیا گیا ہے اسے تین ارب روپے دیئے جائیں گے جبکہ وہ دو ضلعوں سے دو ہزار ٹن کچرا اٹھائے گی جبکہ دس ہزارا ٹن کچرا باقی ضلعوں میں موجود رہے گا انہوں نے کہا کہ کے ایم سی سے تمام اختیارات لے لئے گئے ہیں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بنا کر شہر سے کچرا اٹھانے کی ذمہ داری بھی سندھ حکومت نے سنبھال لی ہے انہو ںنے کہا کہ جب تک حکومت اختیارات اور فنڈز نہیں دے گی کراچی کے مسائل حل نہیں ہونگے ڈپٹی میئر کراچی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے قائد اعظم کو ایک عظیم مدبر رہنما قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :