قائداعظم محمد علی جناح کی لیڈر شپ کی بدولت مسلمانان برصغیر کا مستقبل ہمیشہ کیلئے محفوظ ہو گیا ہے‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر اس کادفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے،سی پیک کی بدولت پاکستان کے عالمی کردار میں اضافہ ہوا ہے‘صوبائی وزیر وزیر اطلاعات

اتوار 25 دسمبر 2016 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ کرسمس کے ساتھ ساتھ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے یوم پیدائش کا دن پاکستانی قوم کے لئے دوہری خوشیوں اور مسرتوں کا پیغام ہے۔ایک جانب قوم قائداعظم محمد علی جناح اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی سالگرہ مناتی ہے اور دوسری جانب کرسمس کا تہوار مسیحی برادری کے لئے امن اور خوشیوں کا پیامبر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ کاشانہ قادر میں کرسمس ،قائداعظم اور وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں مسیحی برادری کے علاوہ عوام اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنان اور نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ 25دسمبر کا دن پاکستانی قوم کے لئے ڈھیروں خوشیاں لے کر آیا ہے۔

یہ دن ہمیں امن ،رواداری اور مسرت کا درس دیتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو پرامن بقائے باہمی کے سنہرے اصولوں کو اپناتے ہوئے ترقی کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ اللہ تعالی کے پیارے نبی حضرت عیسیٰ ؑدنیا کے لئے روشنی اور امید کا پیغام لے کر آئے جبکہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ وطن قائم کرکے کروڑوں مسلمانوں کا مستقبل محفوظ کیا۔

یہ قائداعظم کی جدوجہد کا عزم ہے کہ آج ہم عزت اور خود مختاری کے ساتھ زندہ ہیں۔ اس طرح وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے ساتھ ساتھ سی پیک منصوبہ کے ذریعے نئی عزت اور توقیر بخشی ہے اور پاکستان کے عالمی کردار میں اضافہ ہوا ہے۔سی پیک کی بدولت پاکستان جنوبی اشیا کا اہم پلیئر بن چکا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ایک عظیم معاشی قوت کے طور پر دنیا میں اپنی پہچان کرائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم کی عظمت کی اصل اساس اتحاد اور قومی یکجہتی ہے۔وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلح افوا ج نے دہشت گردی کو ہمیشہ کے لئے شکست دے دی ہے اور اس طرح پاکستانی قوم کو نئی امید اور اچھے مستقبل کی نوید ملی ہے۔تقریب سے مسیحی برادری کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور مسیحی برادری پوری تنگدہی سے قومی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔